ڈالر کا دھڑن تختہ ، انٹربینک میں 11روپے 38پیسے کم ہوکر227 کا ہو گیا

 اوپن مارکیٹ میں ڈالر 10 روپے سستا ہوکر 229 روپے کا ہوگیا

ڈالر کی قدر تیزی سے نیچے آنے میں کچھ رکاوٹیں ہیں،فاریکس ڈیلرز

 دوست ممالک اور آئی ایم ایف سے رقوم آنے پر ڈالر تیزی سے نیچے آسکتا ہے

کراچی (ویب نیوز)

انٹر بینک میں امریکی ڈالر کو ریورس گئیر لگ گیا جس کے بعد ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافہ ہورہا ہے۔ فاریکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق بدھ کے روز کاروبار کے آغاز پر امریکی ڈالر کے سامنے روپے کی قدر میں بہتری دیکھنے میں آئی اور ڈالر مسلسل نیچے رہا۔انٹربینک میں کاروبار کے دوران ڈالر کی قدرمیں 11روپے 38 پیسے کی کمی ہوگئی اورانٹربینک میں ایک ڈالر 227 روپے پر آگیا ۔اسی طرح اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں تیزی سے کمی ہوئی اور روپیہ تگڑا ہوگیا، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 10 روپے سستا ہوکر 229 روپے کا ہوگیا۔فاریکس ڈیلرز کے مطابق ڈالر کی قدر تیزی سے نیچے آنے میں کچھ رکاوٹیں ہیں تاہم دوست ممالک اور آئی ایم ایف سے رقوم آنے پر ڈالر تیزی سے نیچے آسکتا ہے۔واضح رہے کہ منگل کو دن کے اختتام پر انٹربینک میں امریکی ڈالر کی قیمت 238 روپے 38 پیسے پر آگئی تھی۔اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت 240 روپے رہی تھی۔پیر کو انٹر بینک میں ڈالر 238روپے 50پیسے پر بند ہواتھا۔ پیر کو مجموعی طور پر انٹر بینک میں امریکی ڈالر 87پیسے سستا ہواتھا۔اوپن مارکیٹ میں ڈالر 240 روپے پر آگیا تھا۔اس سے قبل ہفتے کو اوپن مارکیٹ میں ڈالر 243روپے اور جمعہ کو 247روپے پر تھا۔فاریکس ایسوسی ایشن کے سربراہ ملک بوستان نے خبردار کیا تھا کہ ڈالرروک کر بیٹھنے والوں کو آنے والے دنوں میں نقصان ہوگا۔ ملک بوستان نے عوام کو ڈالر نہ خریدنے کا مشورہ دے دیا۔جولائی میں روپے کی قدر میں 25 فیصد اور 42 روپے کی تاریخی کمی ہوئی تھی۔ 2دن میں اوپن مارکیٹ میں ڈالر 8روپے اور انٹر بینک میں 1روپے 43پیسے سستا ہوا ہے۔جولائی کے دوران انٹر بینک اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی غیر معمولی اڑان رہی یہاں تک کہ ایک ایک دن میں ڈالر کی قدر میں 5اور 6روپے کا بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا جب کہ اس دوران بلیک مارکیٹنگ، عدم دستیابی اور سٹہ بازی کی شکایات بھی ملتی رہیں۔