اسلام آباد (ویب نیوز)

سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اگر اتحادی حکومت نے میرا نام ای سی ایل میں شامل کیا تو ان کا شکریہ ادا کروں گا۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ کاروباری طبقے کا اعتماد بحال کرنے کیلئے شفاف انتخابات ضروری ہیں، پاکستان کی پوزیشن ہر گزرتے دن کیساتھ نیچے جارہی ہے، الیکشن کی تاریخ دی جائے تو ہر قسم کی بات کرنے کیلئے تیار ہیں، ہم کل چیف الیکشن کمشنر کیخلاف پرامن احتجاج کرنے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرپٹ حکمران ٹولے کی وجہ سے ملکی سیکیورٹی کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے، فوج نیشنل سیکیورٹی کا بہت بڑا حصہ ہے، معاشی سیکیورٹی متاثر ہوگی تو قومی سیکیورٹی بھی متاثر ہوگی۔

عمران خان نے کہا کہ شہبازشریف اور آصف زرداری ہار کے ڈر کی وجہ سے الیکشن کا اعلان نہیں کررہے، یہ لوگ ملک کا نہیں صرف اپنی دولت بچانے کا سوچ رہے ہیں، ان پارٹیوں کے لیڈرز کے اربوں روپے بیرون ملک پڑے ہوئے ہیں، ان کے بچے، دولت، کاروبار ملک سے باہر ہے انہیں ملک کی کیا فکر ہے، ملک غریب جبکہ شریف برادران اور زرداری کی دولت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مریم نواز خود کہتی ہے لولی لنگڑی حکومت ہے، کیا شہبازشریف اور زرداری کی وجہ سے ملک کو تباہ ہونے دیں، فیصل آباد میں فیکٹریاں بند ہورہی ہیں، لوڈشیڈنگ نے زراعت کو متاثر کیا، فیصلہ کرنے کا وقت ہے، بے روزگاری اور مہنگائی بڑھتی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو ٹیکنیکل ناک آؤٹ کرنے کا ڈرامہ کیا جارہا ہے، پی ٹی آئی کیخلاف ایک دن میں انہوں نے17 پریس کانفرنسز کیں، پریس کانفرنسز سے ملک ٹھیک نہیں ہوگا، شہباز شریف نے بھائی کے لندن جانے کیلئے جھوٹا بیان حلفی جمع کرایا، کیا شہباز شریف کو جھوٹا بیان حلفی جمع کرانے پر نااہل نہیں ہونا چاہیے۔

ای سی میں نام شامل کیے جانے کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میرا نام ای سی ایل میں شامل کرنے پر ان کا شکریہ ادا کروں گا، میں بیرون ملک جانا ہی نہیں چاہتا یہ بے شک میرا نام ای سی ایل میں ڈال دیں، پاکستان میں مطمئن ہوں اور پاکستان میں ہی رہوں گا۔