حکومت کا تاجروں سے بجلی کے بلوں کے ساتھ ٹیکس وصولی ختم کرنے کا فیصلہ
اب 30ارب روپے کا اضافی ٹیکس دوسرے شعبوں پر مزید ٹیکس لگا کر پورا کرنے کا فیصلہ کیا گیا
اسلام آباد(ویب نیوز)
حکومت نے تاجروں سے بجلی کے بلوں کے ساتھ ٹیکس وصولی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔تاہم اب 30ارب روپے کا اضافی ٹیکس دوسرے شعبوں پر مزید ٹیکس لگا کر پورا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق تاجروں کے بجلی کے بلوں کے ساتھ ٹیکس وصولی ختم کرنے کا فیصلہ مسلم لیگ ن کی اعلی قیادت کے کہنے پر کیا گیا ہے۔ بجلی بلوں کے ساتھ ٹیکس وصولی سے سالانہ 30 ارب روپے کا ٹیکس حاصل ہونا تھا تاہم اب 30ارب روپے کا اضافی ٹیکس دوسرے شعبوں پر مزید ٹیکس لگا کر پورا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ دوسرے شعبوں پر ٹیکس صدارتی آرڈیننس کے ذریعے لگایا جائے گا۔واضح رہے کہ بجلی کے بلوں کے ذریعے 6 ہزار روپے ٹیکس وصولی پر تاجروں نے شدید احتجاج کیا تھا جس کے بعد مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے بھی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے ٹیکس واپس لینے کی اپیل کی تھی۔ جبکہ تاجروں نے اس ٹیکس کیخلاف ملک گیر احتجاج کا بھی اعلان کر رکھا ہے