عدالت نے شہباز گل کا میڈیکل چیک اپ کرانے کا بھی حکم دیا
تفتیشی افسر کی 14روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا، شہباز گل کے وکلاء نے ریمانڈ کی مخالفت کردی
عدالت کا ملزم کو پیش رفت رپورٹ کے ہمراہ جمعہ کے روز پیش کرنے کا حکم
اسلام آباد (ویب نیوز)
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے اداروں کیخلاف اکسانے کے کیس میں ڈاکٹر شہباز گل کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا ،عدالت نے شہباز گل کا میڈیکل چیک اپ کرانے کا بھی حکم دیا ہے ۔ عدالت نے شہباز گل کو دوروزہ ریمانڈ پر تھانہ کوہسار پولیس کے حوالہ کرتے ہوئے ملزم سے ہونے والی پیش رفت رپورٹ کے ہمراہ دو روز بعد جمعہ کے روز عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ شہباز گل کو تھانہ کوہسار پولیس نے اسلام آباد کچہری میںڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں ڈیوٹی مجسٹریٹ عمر شبیر کے سامنے پیش کیا۔ دوران سماعت پولیس کے تفتیشی افسر کی جانب سے شہبازگل کے 14روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔ تاہم شہباز گل کے وکیل فیصل چوہدری اورعلی محمد بخاری نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی اور عدالت سے استدعا کی کہ شہباز گل کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوادیا جائے، ملزم کے اوپر بے جا تشدد کیا گیا ہے اس لئے ملزم کا میڈیکل بھی کروایا جائے۔ دوران سماعت پولیس کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ شہباز گل کا موبائل فون برآمد کرنا ہے، کس کے کہنے پر یہ پروگرام ہوا، اس چیز کی تفتیش کرنی ہے اور پروگرام میں جتنے لوگ بیٹھے ہیں ان کے حوالہ سے بھی تفتیش کرنی ہے، اس لئے ملزم کا 14روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا جائے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جو بعد میں سناتے ہوئے شہبازگل کو دوروزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا اور انہیں دوبارہ جمعہ کے روز عدالت میں تفتیش میں ہونے والی پیش رفت رپورٹ کے ہمراہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے،عدالت نے شہباز گل کے میڈیکل چیک اپ کرانے کا بھی حکم دیا ہے ۔ واضح رہے کہ منگل کے اسلام آباد پولیس نے بغاوت کے مقدمے میں پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل کو گرفتار کیا ، شہباز گل کے خلاف تھانہ کوہسار میں مقدمہ غداری کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ، مقدمہ سٹی مجسٹریٹ کی مدعیت میں درج کیا گیا ،مقدمے میں شہباز گل پر فوج کے خلاف اکسانے کا الزام اور نجی ٹی وی چینل پر کی گئی گفتگو کا بھی ذکر کیا گیا ۔متن کے مطابق ملزم نے بیان سوچ سمجھ ملکی سالمیت کو نقصان پہنچا نے کیلئے دیا ۔ ملزم ایسا بیان دے کر ملک دشمن ایجنڈے کی تکمیل مجرمانہ سازش کا مرتکب ہوا۔
کسی کو اکسانے کی کوشش نہیں کی ،ادارے ہماری جان ہیں،شہباز گل
میرے بیان میں کچھ ایسا نہیں جس سے شرمندگی ہو، میرا بیان ایک محب وطن کا بیان ہے
بیوروکریسی کے افسران جو غلط بات کررہے، ان کے بارے میں بات کی، میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد (ویب نیوز)
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے کہا ہے کہ کسی کو اکسانے کی کوشش نہیں کی ، ادارے ہماری جان ہیں۔شہباز گل کو پولیس نے بغاوت کے کیس میں اسلام آباد میں عدالت میں پیش کیا، جہاں انہیں 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔عدالت میں پیش کیے جانے کے موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ اداروں کے خلاف بیان دینا آپ کی پارٹی پالیسی تھی؟ جس پر شہباز گل نے جواب دیا کہ ادارے ہماری جان ہیں۔ عدالت کے باہر پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میرے بیان میں کچھ ایسا نہیں جس سے شرمندگی ہو، میرا بیان ایک محب وطن کا بیان ہے۔ اپنی فوج سے پیار کرنے والا بیان ہے۔ میں نے کسی کو اکسانے کی کوشش نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ ایسے بیوروکریسی کے افسران جو غلط بات کررہے، ان کے بارے میں بات کی۔ شہباز گل نے کہا کہ یہ سیاسی مقدمہ ہے سب سیاسی انتقام کے تحت کیا جا رہا ہے۔ فوج مقدس ترین ادارہ ہے، ہم سب پر اداروں کا احترام لازم ہے۔