انگریزوں کی غلامی کے بعد اب کسی کی غلامی نہیں کریں گے
صدر مملکت کا 75ویں یوم آزادی پررالپنڈی میں یتیم بچیوں کے ادارے کاشانہ میں تقریب سے خطاب
راولپنڈی (ویب نیوز)
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کی قدر کریں، آزادی آسانی سے نہیں ملی،اِس ملک کیلئے لوگوں نے بے شمار قربانیاں دیں۔ ہم کسی کے غلام نہیں، نہ رہنا چاہتے ہیں،انگریزوں کی غلامی کے بعد اب کسی کی غلامی نہیں کریں گے۔ ان خیالات کااظہار ڈاکٹر عارف علوی نے ملک کے 75ویں یوم آزادی کے موقع پررالپنڈی میں یتیم بچیوں کے ادارے کاشانہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے عید کے موقع پر یتیم بچے کے سر پر ہاتھ رکھا،حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بچوں پر خصوصی شفقت فرماتے،حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے طرز عمل سے سبق دیا کہ بے سہارا بچوں پر اللہ اور اسکے رسول کا سایہ ہے ۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بچوں کی اچھی تعلیم و تربیت پاکستان کیلئے انتہائی اہم ہے،یوم آزادی کی خوشیاں یتیم بچوں کے ساتھ منانے کا خواہشمند تھا،آزادی کے پرمسرت موقع پر یتیم اور بے سہارا بچوں کے ساتھ ہیں،بچے ہمارا مستقبل، اپنی تعلیم پر بھرپور توجہ دیں،بچیوں کی تعلیم و تربیت خصوصی اہمیت کی حامل ہے،بچیاں بھرپور محنت کریں اور اپنا اور اپنے ملک کا نام روشن کریں۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ لڑکیوں کی تعلیم کا اہتمام پاکستان کیلئے ازحد ضروری ہے، قائدِ اعظم محمد علی جناح نے عورتوں کی برابری کی تلقین کی،کوئی بھی معاشرہ عورتوں کی شمولیت کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا، ملکی ترقی کیلئے خواتین اور لڑکیوں کو یکساں مواقع دینا ہوں گے۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ امیر اور غریب لوگوں کو برابر کی تعلیم ملنی چاہیے،کردار سازی اور سچ بولنے پر توجہ دیں،دوسرے کا حق کھانا اسلام میں سختی سے ممنوع ہے، بچے، بڑوں اور اساتذہ کی عزت کریں،بحیثیت قوم غیبت سے پرہیز کرنے کی ضرورت ہے۔