کہا جارہا ہے کہ الیکشن کمیشن استعفیٰ منظور نہیں کررہا،ہمیں 9استعفے ملے جو ہم نے ڈی نوٹیفائی کردیئے، ڈاکٹر سکندر سلطان راجہ کے ریمارکس
اسلام آباد (ویب نیوز)
چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے پانچ رکنی بینچ نے پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رکن قومی اسمبلی بیرسٹر محسن شاہنواز رانجھا کی جانب سے توشہ خانہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی ناہلی کے لئے دائر ریفرنس پر سماعت22اگست تک ملتوی کردی۔جبکہ چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی نظر میں عمران خان تاحال ایم این اے ہیں، قومی اسمبلی سیکرٹیٹ نے استعفیٰ منظور کرکے نہیں بھجوایا، کہا جارہا ہے کہ الیکشن کمیشن استعفیٰ منظور نہیں کررہا،ہمیں 9استعفے ملے جو ہم نے ڈی نوٹیفائی کردیئے۔ دوران سماعت محسن شاہنوازرانجھااپنے وکلاء کے ہمراہ الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔ جبکہ عمران خان کے معاون وکیل نے الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہو کر مئوقف اختیار کیا ان کے سینئر وکیل سینیٹر بیرسٹر سید علی ظفر مصروفیت کی وجہ سے پیش نہیں ہو سکے اس لئے انہیں جواب داخل کروانے کے لئے وقت دیا جائے ۔ الیکشن کمیشن عمران خان کے معاون وکیل کی استدعا پر کیس کی سماعت 22اگست تک ملتوی کردی۔جبکہ الیکشن کمیشن نے درخواست کی کاپی جوابدہ کو فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ واضح رہے کہ محسن شاہنواز رانجھا سمیت پانچ حکومتی اراکین قومی اسمبلی نے آرٹیکل 63کے تحت عمران خان کی نااہلی کے لئے ریفرنس دائر کیا ہے۔