مہنگی گاڑیوں کی درآمد پر بھاری ڈیوٹی لگا رہے ہیں،پہلے آٹا چینی دال کو ترجیح دیں گے، بہت ساری اشیا پر ٹیکس موخر کر دیا ہے
درآمد شدہ لگژری آئٹمز پر جتنا ممکن ہو سکا ٹیکس لگا دیں گے،یکم اکتوبر سے آرڈیننس کے ذریعے تاجروں کے لیے فکس ٹیکس لائیں گے،وزیر خزانہ کی پریس کانفرنس
اسلام آباد (ویب نیوز)
وفاقی حکومت نے لگژری آئٹمز کی درآمد پر عائد پابندی اٹھالی، وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے اس بات کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ امپورٹڈ اشیا پر ڈیوٹی لگا دیں گے تاکہ زیادہ درآمد نہ ہوں، آئی ایم ایف سے طویل مذاکرات کے بعد 29 اگست کوبورڈ کی میٹنگ طے ہوگئی، آئی ایم ایف کی جتنی بھی شرائط تھیں پوری کردی ہیں۔ درآمد شدہ اشیا پر 400 سے 600 فیصد ڈیوٹی عائد کی جائے گی۔ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے غیرضروری اشیا کی درآمدات پر پابندی لگا دی تھی اور اب اس کو دو ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے، آئی ایم ایف بھی یہ چاہتا تھا کہ یہ پابندی ہٹائی جائے لیکن ہم نے اس میں تاخیر کی ہوئی ہے کیونکہ وزیر اعظم شہباز شریف نہیں چاہتے کہ ہم لگژری آئٹمز کو پاکستان میں آنے کی اجازت دیں جو بالکل درست ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہمارے پاس محدود ڈالر ہوتے ہیں تو ہمارے لیے انتخاب کرنا آسان ہو جاتا ہے کہ ہم اس پیسے سے گاڑی منگوائیں یا آٹا منگوائیں، موبائل فون منگوائیں یا دالیں منگوائیں، اس لیے ہم نے ان اشیا پر پابندی لگائی تھی لیکن اب چونکہ یہ عالمی سطح پر شرط عائد کی گئی ہے کہ یہ پابندی نہیں ہونی چاہیے تو ہم یہ پابندی ہٹا رہے ہیں لیکن ہم اس پر بھاری ٹیکس عائد کر کے 400 سے 600 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی لگا دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم بڑی بڑی مرسڈیز گاڑیوں پر بھاری ڈیوٹی عائد کریں گے کیونکہ اس وقت میرے پاس وہ ڈالر نہیں ہیں کہ میں مرسڈیز میں خرچ کروں، مجھے اپنے وسائل میں رہ کر خرچ کرنا ہے، میرے محدود وسائل ہیں اس سے میں آئی فون یا گاڑیاں خرینے کے بجائے پہلے آٹا، گندم، کپاس اور خوردنی تیل خریدنے کو ترجیح دیتا ہوں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم اس طرح کا سیلز ٹیکس، ٹیکس، ڈیوٹی عائد کریں گے تاکہ اس کی زیادہ درآمد نہ ہو سکے، مکمل طور پر تیار گاڑیاں، مشینری، موبائل فون، الیکٹرانک اشیا، امپورٹیڈ گوشت، مہنگی مچھلی سمیت تمام لگژری اشیا پر ڈیوٹی عائد کی جائے گی تاکہ زیادہ امپورٹ نہ ہو سکے تاہم اگر کوئی چھ کروڑ کی گاڑی 30 سے 40 کروڑ روپے میں لانا چاہتا ہے تو وہ لے آئے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد لگژری آئٹمز کو کھولنا نہیں بلکہ آئی ایم ایف اور بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمت کے حوالے سے بھی معاہدے کی پاسداری کر لی ہے، جو سبسڈی دیں گے وہ فنڈ کررہے ہیں، نان فنڈڈ سبسڈی نہیں دیں گے تو بجٹ خسارے کے ہدف پر کھڑے رہیں گے۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ہم نے جو ریٹیل پر ٹیکس لگایا تھا تو ہمارا تخمینہ تھا کہ ہم اس پر 42ارب روپے ٹیکس حاصل کر سکیں گے لیکن وہ ٹیکس لگانے میں ہم سے غلطی ہو گئی تھی کیونکہ جن دکانوں کا ہزار سے دو ہزار کا بل آتا تھا ہم نے اس پر بھی ٹیکس لگا دیا تھا تو اس کو ہم کو واپس لینا پڑے، اب ہم 42 ارب نہیں لے سکیں گے اور ہمارا نظرثانی شدہ ہدف 27ارب روپے ہے۔ انہوں نے اس ہدف کے حصول کا طریقہ کار بتاتے ہوئے کہا کہ ہم ایک آر ڈ ینینس لے کر آئیں گے جس کے ذریعے ریٹیل پر فکس ٹیکس ہٹا دیا جائے گا، ابھی پانچ فیصد سیلز ٹیکس اور ساڑھے سات فیصد انکم ٹیکس اگلے تین ماہ تک ہر دکاندار کے لیے برقرار رہے گا جس کے بعد یہ صرف ایک سے 50 یونٹ بجلی والوں پر لاگو ہو گا اور اس سے زائد یونٹ والوں کے لیے یہ بتدریج بڑھتا رہے گا، اگر کوئی ہزار یونٹ بجلی خرچ کرے گا تو اس کا سیلز ٹیکس ساڑھے 12فیصد ہو جائے گا، اس کا اطلاق یکم اکتوبر سے ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس وصولی میں 15 ارب کے اس خلا کو پر کرنے کے لیے میں نے وزیراعظم کو ایک فیصد ٹیکس تمباکو کی اشیا پر عائد کرنے کی تجویز دی تھی لیکن وزیراعظم نے اسے دگنا کرنے کی ہدایت کی ہے تو تمباکو اور سگریٹ پر نیا ٹیکس لگایا جا رہا ہے جس کی بدولت ہم 36ارب روپے مزید ٹیکس اکٹھا کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے سال کے مقالے میں برآمدات 7 سے 8 فیصد زیادہ ہیں جبکہ درآمدات 18 سے 19 فیصد کم ہیں جبکہ تجارتی خسارہ بھی گزشتہ سال کے مقابلے میں 30 فیصد کم ہے،بینکنگ کے سیکٹر میں ساڑھے 600ملین ڈالر زیادہ وصول ہوئے ہیں۔ وزیر خزانہ نے امید ظاہر کی کہ ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری رہے گا اور اپنے وسائل میں رہ کر خرچ کرنے کی پالیسی پر عمل کرتے رہیں گے۔ بین الاقوامی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف سے 29 اگست کو بورڈ میٹنگ ہو گی، اللہ تعالی کا شکر ہے کہ ہماری پالیسیز کارآمد ثابت ہو رہی ہیں، جتنی ڈیوٹیز ہیں ان پر 3 گنا آرڈیز لگائیں گے۔ مشکل وقت میں پڑوسی ملک چین نے ہماری مدد کی ہے جو قابلِ ستائش ہے۔مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے پہلے کہا تھا کہ 4 بلین ڈالرکافنڈنگ گیپ ہے، اب آئی ایم ایف چاہتاہے کہ 6 ساڑھے 6 بلین سے ریزر بڑھ جائیں، اور بورڈ کی میٹنگ سے پہلے امپورٹ سے پابندیاں ہٹالیں۔ 3 دوست ممالک کے ذریعے4بلین ڈالرکی فنڈنگ حاصل ہوئی ہے، چین کے2بلین ڈالر ری لون کرنے تھے وہ بھی ہوگئے اور سعودی عرب نے بھی کہاہے کہ ہم بھی فنڈز ری لون کردیں گے۔