جواب جمع کروانے کے لئے تین ہفتے کا وقت نہیں دے سکتے ،چیف الیکشن کمشنر
اسلام آباد (ویب نیوز)
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توشہ خانہ ریفرنس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی نااہلی کیلئے دائر ریفرنس پر سماعت29 اگست تک ملتوی کردی گئی ۔ درخواست گزارپاکستان مسلم لیگ (ن)کے رکن قومی اسمبلی بیرسٹرمحسن شاہنواز رانجھا اورحکومتی اتحاد کے وکیل خالد اسحاق الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے ۔چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے ریفرنس پر سماعت کی۔عمران خان کے معاون وکیل بیرسٹر گوہر خان نے عدالت سے جواب کے لیے تین 3 ہفتے کا وقت کا مانگا جس پر چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر سکندر سلطان راجہ نے عمران خان کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ کو تین ہفتے کا وقت کیوں چاہیے؟چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ جواب جمع کروانے کے لئے تین ہفتے کا وقت نہیں دے سکتے ۔اس پر عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے پاس توشہ خانہ ریفرنس نمٹانے کے لیے 3 ماہ کا وقت ہے۔عمران خان کے وکیل نے کہا کہ ہم نے اکائونٹ کی تفصیلات لینی ہیں اور دستاویزات لینی ہیں۔ الیکشن کمیشن نے عمران خان کے وکیل کو جواب داخل کروانے کے لئے ایک ہفتے کا وقت دیتے ہوئے سماعت 29اگست تک ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ بیرسٹر محسن شاہنواز رانجھا سمیت پانچ حکومتی ایم این ایز نے آرٹیکل 63کے تحت عمران خان کی نااہلی کے لئے ریفرنس دائر کیا ہے۔