بینک الفلاح لمیٹڈ کی جانب سے اپنے اکائونٹ ہولڈرز کی رقم ایف بی آرکو منتقل کرنے کا انکشاف
میں اپنی پرائیویٹ کمپنی کی ایک ڈائریکٹر ہوں، عرصہ دراز سے آٹو پارٹس مینو فیکچرنگ سے منسلک ہیں ، ارشد نامی خاتون
13جون2022کو بینک الفلاح لمیٹڈ نے راولپنڈی ٹیکس آفس کی انکوائری پر اکائونٹ میں موجود رقم کا پے آرڈربنا کر ان کے حوالہ سے کردیا
ہمارا اکائونٹ بالکل زیروکردیا گیا
ایک سے زیادہ مرتبہ خطوط لکھنے کے باوجود بھی بینک الفلاح لمیٹڈ نے ہمارے ساتھ کسی بھی قسم کا کوئی رابطہ نہیں کیا، جلد قانونی چارہ جوئی شروع کررہے ہیں
یوٹیوب پر جاری ویڈیو میں خاتون کا دعوی
اسلام آباد (ویب نیوز)
بینک الفلاح لمیٹڈ کی جانب سے اپنے اکائونٹ ہولڈرز کی رقم فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر)کو منتقل کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ یہ انکشاف یوٹیوب پر جاری ویڈیو میں نایاب ارشد نامی خاتون کی جانب سے کیا گیا ہے۔ نایاب ارشد کا کہنا تھا کہ میں اپنی پرائیویٹ کمپنی کی ایک ڈائریکٹر لوگوں سے مخاطب ہوں، ہم عرصہ دراز سے آٹو پارٹس مینو فیکچرنگ سے منسلک ہیں ، ہماری کمپنی2017میں ایس ای سی پی سے رجسٹرڈ ہوئی، 13جون2022کو بینک الفلاح لمیٹڈ نے راولپنڈی ٹیکس آفس کی ایک انکوائری پر ہمارے اکائونٹ میں جتنی بھی رقم تھی اس کا پے آرڈربنا کر ان کے حوالہ سے کردیا اور ہمارا اکائونٹ بالکل زیروکردیا، نہ اس سے پہلے اور نہ بعد میں ہمیں کسی بھی قسم کا نوٹیفیکیشن دیا ، جب ہمارے جاری شدہ چیک ڈس آنر ہونا شروع ہوئے تو تب ہمیں پتا چلا کہ ہمارے اکائونٹ میں کوئی بھی رقم موجود نہیں ہے، پھر ہم نے سارا معاملہ چیک کیا تو ہمیں پتا چلا کہ 2017سے جب سے ہماری کمپنی بنی ، ہمارے ملازم ہمارے ساتھ کام کررہے ہیں جو نہ تو ڈائریکٹر ہیں اور نہ ہی منافع کی تقسیم سے ان کا کوئی لینا دیناہے، ان کو 2014کا کوئی ٹیکس ریکوری کا کوئی کیس تھا اور بینک الفلاح نے وہ ریکوری ہمارے اکائونٹ سے کروادی، کوئی لاجک نہیں ، صرف بینک کی بدمعاشی، آپ اندازہ لگائیں کہ ہماری کمپنی 2017میں بنی اوران کا ٹیکس ریکوری کا کیس 2014کا تھا اور بینک نے ہمارا لاکھوں روپیہ اڑا دیا۔خاتون کا مزید کہنا تھا کہ اب بینک کی ہٹ دھرمی کا اندازہ لگائیں ، ہمارے ایک سے زیادہ مرتبہ خطوط لکھنے کے باوجود بھی بینک الفلاح لمیٹڈ نے ہمارے ساتھ کسی بھی قسم کا کوئی رابطہ نہیں کیا، اورنہ ہی کراچی ہیڈ آفس بینک الفلاح لمیٹڈ سے کسی بھی قسم کوئی رابطہ کیا گیا ہے، کیا اس لئے کہ ہم سب خواتین ہیں، کیا اس لئے کہ میں، میری بہنیں اور والدہ اس کمپنی کے مالک ہیں اوراس ملک میں کسی بھی قسم کا خواتین کا پرسان حال نہیں ہے، یا ایسے لگتا ہے کہ بینک الفلاح لمیٹڈ اورکیس تھرڈ پارٹی کا آپس میں کوئی خفیہ معاہدہ طے ہوا ہے جس میںبینک الفلاح لمیٹڈ اپنے اکائونٹ ہولڈر کی تمام مالی معلومات فراہم کرسکتا ہے یا آپ کے کسی بھی بہن، بھائی ، رشتہ دار یا کسی بھی ملازم کی ریکوری آپ کے اکائونٹ سے کرواسکتا ہے ، جس کا شکار ہم ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی بینک اپنے اکائونٹ ہولڈر کے مالی معاملات اوراس کی رقم کا امین ہوتا ہے لیکن اس کے برعکس بینک الفلاح لمیٹڈ نے ہمارے ساتھ ڈاکو کا ساکردارادا کیا ہے اوران کی ڈھٹائی دیکھیں کہ دو ماہ سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود ہمارے ایک بھی لفظ کا معقول جواب دینا ضروری نہیں سمجھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم عنقریب بینک کے اس فراڈ کو لے کر قانونی چارہ جوئی شروع کررہے ہیں ، عوام الناس بالخصوص بینک الفلاح لمیٹڈکے اکائونٹ ہولڈرز کو ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے بلکہ بہتر ہے اپنے اکائونٹس کو کسی دوسرے بینک منتقل کرلیں کیونکہ بینک الفلاح لمیٹڈنے بالکل بھی اس بات کا خیال نہیں رکھنا کہ یہ کسی بیوہ، یتیم، مسکین یاپرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی یا کسی ریٹائرڈ شخص کی جمع پونچی کا اکائونٹ ہے، انہوں نے بہت آرام سے آپ کے کسی بھی ملازم یا کسی بھی رشتہ دار کی ریکوری آپ کے اکائونٹ سے کر لینی ہے اور ہم اس کا بہت بری طرح شکار ہو چکے ہیں۔