اسلام آباد (ویب نیوز)
آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے ڈپلومیٹک انکلیو میں داخلے کے وقت گاڑیوں کی لمبی قطاروں سے شہریوں کو درپیش شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی سکیورٹی ڈویژن محمد حسن رضا خان کو بالخصوص صبح کے اوقات میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ ڈپلومیٹک انکلیو میں داخلے کے لئے زیادہ رش مزار بری امام کے راستے پر واقع شمس گیٹ اور فارن آفس کے سامنے والے اینٹری گیٹس پر دیکھنے میں آئی ہیں۔ شہریوں نے آئی جی اسلام آباد سے شکایت کی تھی کہ گزشتہ کچھ دنوں سے خاص طور پر انہیں صبح کے اوقات میں گاڑیوں کی لمبی قطاروں، سست کلئیرنس اور انتظار کی کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یہ شکایت بھی کی گئی تھی کہ لمبی قطاروں میں بعض اوقات پینتیس منٹ سے بھی زیادہ لوگ رش میں پھنسے رہتے ہیں جس سے سکول جانے والے بچے بھی اکثر تاخیر سے سکول پہنچ پاتے ہیں جبکہ سفارت خانوں میں کام کرنے والے عملے کو بھی شدید دقت پیش آ رہی تھی۔ آئی جی پولیس اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے فوری طور پر ڈی آئی جی سکیورٹی ڈویژن محمد حسن رضا خان کو ہدایات جاری کیں کہ وہ اضافی عملہ مامور کریں اور کلئیرنس کے عمل کو تیز بنائیں تاکہ شہریوں، سفارتی عملے اور سکول جانے والے بچوں کو بے جا انتظار کی زحمت سے بچایا جائے۔ آئی جی اسلام آباد کے احکامات پر ڈپلومیٹک انکلیو کے اینٹری پوانٹس پر عملے کی تعداد بڑھا دی گئی ہے۔ شہریوں نے آئی جی اسلام آباد اور ڈی آئی جی سکیورٹی ڈویژن محمد حسن رضا خان کی طرف سے فوری کارروائی کا خیرمقدم کیا ہے۔