کوئٹہ (ویب نیوز)
بلوچستان میں سیلاب اور بارشوں کے نتیجے میں تباہ کاریاں جاری ہیں، جس میں مزید 5 افراد جاں بحق ہونے سے صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 299 تک پہنچ گئی ۔پی ڈی ایم اے کے مطابق نئی اموات جعفر آباد ،چمن اور سوراب سے رپورٹ ہوئیں۔ مجموعی طور پر جاں بحق ہونے والے 299 افراد میں 136 مرد73خواتین اور90بچے شامل ہیں جب کہ بارشوں کے دوران حادثات کا شکار ہوکر 181 افراد زخمی ہوئے، جن میں 92 مرد 40 خواتین اور 49 بچے شامل ہیں۔مجموعی طور پر صوبے بھر میں 65ہزار997 مکانات منہدم اور جزوی نقصان کا شکار ہوئے۔ 2200کلو میٹر پر مشتمل مختلف شاہراہیں بھی شدید متاثر ہوئیں۔ بارشوں کے باعث مختلف مقامات پر 22 پل ٹوٹ چکے ہیں جب کہ 2 لاکھ 70 ہزار 744 مال مویشی ہلاک ہوئے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق مجموعی طور پر 2 لاکھ 8 سو 11 ایکڑ زمین پر کھڑی فصلیں سیلاب میں بہہ گئیں۔ اس کے علاوہ سولر پلیٹس، ٹیوب ویلز اور بورنگ کو وسیع پیمانے پر نقصانات پہنچا ہے۔