اسلام آباد (ویب نیوز)
محکمہ موسمیات نے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں ڈینگی مزید بڑھنے اور وبا کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کے بعد درجہ حرارت کم ہو کر 26 سے 29 ڈگری رہے گا، یہ موسم ڈینگی لاروا کی افزائش بڑھا دے گا۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ کراچی، لاہور، پشاور، راول پنڈی، اسلام آباد، حیدرآباد، لاڑکانہ، فیصل آباد، سیالکوٹ اور ملتان میں اگلے ماہ سے ڈینگی وبا کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔محکمہ موسمیات نے اپنے الرٹ میں کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بھی ڈینگی بڑھے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی سے نیچے جانے پر ڈینگی کی افزائش رک جاتی ہے، ستمبر کے وسط سے ہی ڈینگی کے حملے کے لیے سازگار موسمی ماحول بن چکا ہے۔دوسری جانب سندھ میں سیلاب سے متاثر علاقوں میں سانس، دمہ اور سینے کی مختلف بیماریوں سے مزید 15ہزار سے زیادہ افراد متاثر ہو گئے ہیں۔ محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں سیلاب کے باعث 29 لاکھ 53 ہزار سے زائد افراد مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوچکے ہیں۔