صدر کی سوشل میڈیا کے صحافیوں سے گفتگو
اسلا م آباد (ویب نیوز)
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ انقلاب کا سوچنا آسان ہوتا ہے مگر انقلاب لانا مشکل کام ہے۔ صدر پاکستان کی سوشل میڈیا انفلونسرز سے ملاقات ہوئی ہے جس دوران انہوں نے سوشل میڈیا کو بڑی طاقت قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو پارٹی سوشل میڈیا کا استعمال سمجھ جائے وہ ملک کو ترقی کی راہ پر لاسکتی ہے۔صدر مملکت نے بتایا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کی بات 2008 سے چل رہی تھی لیکن ہم نے اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کے مسلے کا حل نکالا جو کہ 36 ارب ڈالر بھیجتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ خطرہ پیسہ چوری ہونے کا ہوتا ہے لیکن جب 36 ارب ڈالر الیکٹرانک ٹرانسفر ہوسکتا ہے تو ای ووٹ کیوں نہیں ہو سکتا ہے۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ نواز شریف نے 2017 میں ایک ملاقات میں کہا تھا، سینیٹ کا ووٹ بکتا ہے، آج بھی ہم وہیں کھڑے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سندھ میں اصل مسلہ طاقت ہے اور وہ کراچی کے حقوق کی پامالی بچپن سے دیکھ رہے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خاتمے اور اداروں کو ٹھیک کرنے کی جتنی کوشش عمران خان نے کی شاید ہی کسی نے کی ہوگی لیکن عمران خان کے ایک کروڑ 75 لاکھ فالورز ہیں وہ سب کا ذمہ دار نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ بلاول ہاوس کے قریب ہم نے بھی لاٹھیاں کھائیں ہیں، کراچی میں پانی، بجلی، اور سیوریج کے مسائل کے لیے بڑی جدوجہد کی ہے۔