کوئٹہ (ویب نیوز)
سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے پاکستان آرمی اور ایف سی بلوچستان کی سول انتظامیہ کے ہمراہ امدادی کاروائیاں جاری، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاکستان آرمی اور ایف سی بلوچستان، سول انتظامیہ کے ہمراہ سیلاب متاثرین کی ریلیف اور بحالی میں مصروف عمل ہیں۔جھل مگسی اورصحبت پور میں 3 ریلیف کیمپس فعال ہیں جہاں 12453سیلاب زدگان کو پکا ہوا کھانا، راشن اور علاج معالجہ فراہم کیا جا رہا ہے۔گز شتہ 24 گھنٹوں کے دوران سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاکستان آرمی، ایف سی بلوچستان، این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے 4296 کھانے کے پیکٹس اور 2966 ٹینٹ، کمبل، تارپول اور مچھر دانیاں مستحق لوگوں میں تقسیم کیے گئے ہے۔ سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں لوگوں کو متعدی امراض سے بچاو کے لیے فری میڈیکل کیمپس کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان آرمی اورایف سی بلوچستان کی جانب سے 33 فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا گیا جس میں 2833 مریضوں کا علاج معالجہ کیا گیا اور مفت ادویات فراہم کی گئیں ۔بلوچستان کی تمام شاہراہیں ٹریفک کی آمدورفت کیلیے مکمل طور پر کھول دی گئیں ہیں۔ جبکہ قومی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے نیشنل ہائی وے اتھارٹی، پاک فوج، ایف سی بلوچستان، پاکستان کوسٹ گارڈ اور سول انتظامیہ مصروف عمل ہیں۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سیلاب کی وجہ سے ہونیوالے نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے 35 سروے ٹیمیں کام کر رہی ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6774 گھروں کا سروے کر لیا گیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں سیلاب سے ہونیوالے 98%نقصانات کا جائزہ لگا لیا گیا ہیں۔بلوچستان گورنمنٹ، پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور سول انتظامیہ اپنے تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے سیلاب متاثرین کی ہرممکن امداد کر رہے ہیں۔