اسلام آباد (ویب نیوز)
اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹے میں ڈینگی سے ایک اور مریض جاں بحق ہوگیا، ڈینگی سے جاں بحق افراد کی تعداد 9 ہو گئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 90 افراد میں ڈینگی کی تشخیص ہوئی۔ اسلام آباد میں ڈینگی کیسز کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہونے لگا۔ ڈسڑکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد کے مطابق ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 ہزار 814 ہوگئی۔ دیہی علاقوں میں 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 50 جبکہ شہری علاقوں میں 40 کیسز رپورٹ ہوئے۔ دیہی علاقوں میں مجموعی تعداد 2224 شہری علاقوں میں تعداد 1590 ہوچکی ہے۔ ڈی ایچ او کا کہنا ہے کہ پمز میں 24 گھنٹوں میں 46 افراد میں ڈینگی کی تشخیص ہوئی ہے۔ پمز میں ڈینگی کے 826 مریض ہیں پولی کلینک میں 116 جبکہ سی ڈی اے اسپتال میں 83 مریض زیرِعلاج ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ڈینگی سے ایک مریض جان کی بازی ہار گیا۔ ڈینگی سے اب تک جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 9ہوچکی ہے۔ ڈی ایچ او کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں روزانہ کی بنیاد پر سپرے کا عمل جاری ہے۔