ایسے کیسز نہیں بنتے کہ بس صرف بندہ اٹھائو، اس طرح کیسز کرتے ہیں تو پھر عدالتوں میں آتے ہیں، عدالت جب فیصلہ دیتی ہے تو عدالتوں پر الزام آجاتے ہیں،ریمارکس
عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی تیاری کے لئے مہلت دینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 27 اکتوبر تک ملتوی کردی
اسلام آباد (ویب نیوز)
اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریک انصاف ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے کوقانون کے مطابق کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت کردی اور ریمارکس دیئے کہ حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں مگر اداروں نے ادھر ہی رہنا ہے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے تیاری کے لئے وقت مانگ لیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ میںجسٹس عامرفاروق نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں نامنظورڈاٹ کام نامی ویب سائٹ سے متعلق ایف آئی اے انکوائری کے خلاف کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزاروں کی جانب سے بیرسٹر علی گوہر اور فیصل چوہدری عدالت پیش میں ہوئے، جبکہ وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل اور ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے افسران عدالت پیش ہوئے۔ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں، اداروں نے ادھر ہی رہنا ہے، آج آپ حکومت میں ہیں کل یہ ہونگے، پرسوں کوئی اور ہوگا، بندہ اٹھانے سے کوئی تفتیش نہیں ہوتی۔ جسٹس عامرفاروق نے ریمارکس دیئے کہ ایسے کیسز نہیں بنتے کہ بس صرف بندہ اٹھائو، اس طرح کیسز کرتے ہیں تو پھر عدالتوں میں کیسز آتے ہیں، عدالت جب فیصلہ دیتی ہے تو عدالتوں پر الزام آجاتے ہیں۔بیرسٹر علی گوہرنے استدعا کی کہ ایف آئی اے کو کسی قسم کی تادیبی کارروائی سے روکا جائے، عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی مہلت دینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 27 اکتوبر تک ملتوی کردی۔