قوم امپورٹڈ حکومت کو نہیں مانتی،میں آزاد آدمی ہوں، مر سکتا ہوں مگر غلامی نہیں کر سکتا

جن سے بات کی ان کو کہا کہ ملک میں شفاف الیکشن کرائے جائیں

ساری قوم یہاں کھڑی اور آپ ان چوروں کی حمایت میں پریس کانفرنس کررہے ہیں،میڈیا سے گفتگو

مریدکے  (ویب نیوز)

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ قوم امپورٹڈ حکومت کو نہیں مانتی، غلام اور ڈاکو ہم پر مسلط کئے گئے، میں آزاد آدمی ہوں، مر سکتا ہوں مگر غلامی نہیں کر سکتا۔مریدکے میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے تیسرے روز شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف آپ نے بیان دیا کہ میں نے آپ کو ایک پیغام بھجوایا ہے، میں آپ کے پاس پیغام کیوں بھجوائوں گا، شہباز شریف دنیا میں گھوم رہا ہے کہ مجھے پیسے دو، شہباز شریف سن لیں میں بوٹ پالش کرنے والوں سے بات نہیں کرتا، میں نے ان سے بات کی جو شہباز شریف کو اشاروں پر چلاتے ہیں،ان سے ملنے آپ گاڑی کی ڈگی میں بیٹھ کر جایا کرتے تھے ،تم سے بات کرنے کا کیافائدہ ہے؟ تمہارے پاس بات کرنے کے لئے ہے کیا؟ جن سے بات کی ان کو کہا کہ ملک میں شفاف الیکشن کرائے جائیں،میں نے اور کوئی بات نہیں کی۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ قانونی کی حکمرانی چاہتا ہوں، عوام کے حقوق کا تحفظ کیا جائے، میں نے نہ کسی کے پیر پکڑے اور نہ منتیں کیں،عوام کی طاقت سے وزیراعظم بنا، امریکا سے مدد مانگتا ہوں اور نہ ہی کسی اور سے، فوج بھی میری ہے اور ملک بھی میرا ہے، جب فوج پر تنقید کرتا ہوں تو وہ تعمیری ہوتی ہے،میں اپنی فوج کو نقصان پہنچانا نہیں چاہتا۔ انہوںنے کہا کہ قوم امپورٹڈ حکومت کو نہیں مانتی۔انہوں نے کہا کہ میں کسی ملٹری ڈکٹیٹر کی نرسری میں نہیں پلا، ذوالفقار بھٹو کی طرح ایوب خان کو ڈیڈی نہیں کہتا تھا،میں نے اس کی کابینہ میں 8 برس نہیں گزارے، امریکا سے مدد مانگتا ہوں اور نہ ہی کسی اور سے مدد مانگتا ہوں، میں نے کسی کی منتیں نہیں کیں بلکہ عوام کی طاقت سے وزیراعظم بنا تھا، مریدکے کے جذبے اور جنون کو سلام پیش کرتا ہوں، رات کو لانگ مارچ اس لیے ختم کیا کیونکہ عوام کا سمندر رات کو نظر نہیں آنا تھا۔عمران خان نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کو میں ایک پیغام دینا چاہتا ہوں، جنرل مشرف نے جب 2 کرپٹ پارٹیوں کو ہٹایا تو لوگوں نے مٹھائی بانٹی، جب این آر او دیا تو ملک کو وہ نقصان پہنچایا جو دشمن بھی نہیں پہنچا سکتا، اسٹیبلشمنٹ نے ہی ان پر کیسز کروائے اور ثابت کیا کہ یہ کتنے کرپٹ ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج آپ نے ان چوروں کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے تو یہ نہ سمجھیں کہ ہم بھیڑ بکریاں ہیں، آپ نے ان چوروں کے ساتھ کھڑے ہونے کا فیصلہ کیا ہے تو یہ دیکھ لیں کہ عوام کہاں کھڑے ہیں۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ساری قوم یہاں کھڑی ہے اور آپ ان چوروں کی حمایت میں پریس کانفرنس کررہے ہیں، میں چاہتا ہوں کہ میری فوج مضبوط اور تگڑا ادارہ بنے، میں چاہتا ہوں پوری قوم فوج کے ساتھ کھڑی ہو کیونکہ فوج بھی میری ہے، ملک بھی میرا ہے، ملک کو آزاد رکھنے کے لیے ایک مضبوط فوج چاہیے۔