عمران خان پر فائرنگ،وفاق کا حکومت پنجاب کو جے آئی ٹی تشکیل دینے کیلئے مراسلہ،پرویز الہیٰ نے بھی ہدایت کر دی
حملہ کرنے والے ایک نہیں دو بندے ہیں، جے آئی ٹی میں سی ٹی ڈی کو رکھا جائے گا، واقعہ کے محرکات کا جائزہ لیا جائے،وزیراعلیٰ پنجاب
میڈیا کو حملہ آور کابیان لیک کرنے والے عملے کو معطل کر دیا، فرانزک رپورٹ سے پتہ لگائیں گے پولیس والوں سے کس کا رابطہ تھا،ویڈیو بیان
اسلام آباد/ لاہور( ویب نیوز)
عمران خان پر فائرنگ کے واقعہ میں وفاق کا حکومت پنجاب کو جے آئی ٹی تشکیل دینے کیلئے مراسلہ،چوہدری پرویز الہیٰ نے بھی ہدایت کر دی۔ وزیر آباد میں عمران خان پر فائرنگ کے واقعہ پر وفاقی حکومت نے پنجاب حکومت کو جے آئی ٹی بنانے کا مراسلہ لکھ دیا ہے، مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ جے آئی ٹی میں سینیر پولیس افسران اور خفیہ اداروں کے نمائندوں شامل کیا جائے تاکہ جے آئی ٹی واقعے کی شفاف انکوائری عمل میں لا سکیں۔ وزارت داخلہ نے مراسلہ چیف سیکرٹری پنجاب،آئی جی پنجاب اور ایڈشنل چیف سیکرٹری کو ارسال کر دیا ہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ آئی جی پنجاب کو اعلی سطح جے آئی ٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی، جے آئی ٹی میں سی ٹی ڈی کو رکھا جائے گا، واقعہ کے محرکات کا جائزہ لیا جائے۔ چودھری پرویز الہی نے مزید کہا کہ لگتا ہے کہ حملہ کرنے والے ایک نہیں دو بندے ہیں، ہم جاننا چاہتے ہیں واقعہ کے پیچھے کون ہیں، معلوم کریں گے کہ کن لوگوں نے ملزم کو ٹرینڈ کیا، وہ کیا سوچ ہے جس کے تحت اس لڑکے کو تیار کیا گیا، ملزم کو کتنے پیسے ملے، اسے کہاں سے لایا گیا۔ چودھری پرویز الہی نے مزید کہاکہ اس نے کتنے ہی لوگوں کو فائرنگ کر کے زخمی کیا ہے، میڈیا کو بیان لیک کرنے والے عملے کو معطل کر دیا ہے، فرانزک رپورٹ سے پتہ لگائیں گے کہ پولیس والوں سے کس کا رابطہ تھا، ملزم نے موٹر سائیکل رشتہ داروں کے پاس کھڑی کی، پتہ لگائیں گے کہ اس کے رشتے داروں کا کس سے رابطہ تھا۔