ای سی سی نے چین سے ایک لاکھ 25 ہزار میٹرک ٹن اورآذربائیجان سے 35 ہزارمیٹرک ٹن یوریا کی درآمدکی اجازت دیدی
وزارت ہاوسنگ اینڈ ورکس کے لئے 115 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری
اسلام آباد( ویب نیوز)
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے چین سے حکومتی سطح پرایک لاکھ 25 ہزار میٹرک ٹن اورآذربائیجان سے حکومتی سطح پر 35 ہزارمیٹرک ٹن یوریا کی درآمدکی اجازت دیدی،ای سی سی نے ملکی ضروریات کیلئے مزید یوریا درآمد کرنے کے ضمن میں ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کو قابل عمل آپشنزدیکھنے کی بھی ہدایت کی ہے۔کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) کااجلاس جمعہ کویہاں وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارکی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیرتجارت سیدنویدقمر، وزیرپاورخرم دستگیرخان، وفاقی وزیرصنعت وپیداوارمخدوم سید مرتضی محمود، وزیرمملکت خزانہ ڈاکٹرعائشہ غوث پاشا، وزیرمملکت پٹرولیم مصدق ملک، معاون خصوصی طارق باجوہ، معاون خصوصی ڈاکٹرمحمدجہانزیب خان، چیئرمین ایس ای سی پی، وفاقی سیکرٹریز، چیرمین ایف بی آر اوردیگرسینئیرحکومتی افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں وزارت صنعت وپیداوارکی جانب سے دولاکھ میٹرک ٹن یوریا کی خریداری سے متعلق سمری پیش کی گئی، اجلاس کوبتایاگیا کہ وزارت نے چین کی فرمز کی جانب سے کم ترین قیمت پریوریا کی فراہمی سمیت مختلف تجاویز پرمذاکرات کئے ہیں۔ای سی سی نے معاملہ پرتفصیلی بحث کے بعد چین سے حکومتی سطح پرایک لاکھ 25 ہزار میٹرک ٹن یوریا اورآذربائیجان سے حکومتی سطح پرمیسرز سوکار سے 35 ہزارمیٹرک ٹن یوریا کی درآمدکی اجازت دیدی،ای سی سی نے ملکی ضروریات کیلئے مزید یوریا درآمدکرنے کے ضمن میں قابل عمل آپشنزدیکھنے کی بھی ہدایت کی۔ای سی سی نے وزارت توانائی، پٹرولیم ڈویژن کی طرف سے ہائی سپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی)گیس آئل پریمیم کے بارے میں جمع کرائی گئی سمری پر غور کیا۔ ای سی سی نے ملک میں ہائی سپیڈ ڈیزل کی بڑھتی ہوئی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے سفارش کی کہ پی ایس او کا ایچ ایس ڈی کے لیے اوسط پریمیم کو کے پی سی اور سپاٹ قیمتوں کا حساب کتاب وفاقی حکومت کی قابل اطلاق پالیسی رہنمائی کے مطابق لاگو کیا جا سکتا ہے اور ہائی سپیڈ ڈیزلچ آئل درآمد کرنے والی مارکیٹنگ کمپنیز (او ایم سیز) کے پی ا یس او کے مقابلہ میں ایچ ایس ڈی پر زیادہ پریمیم ادا کرنے کی صورت میں پریمیم کے فرق کو قیمت میں شمار کیا جائے گا۔اجلاس میں وزارت ہاوسنگ اینڈ ورکس کے لئے 115 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دی ۔۔