سری نگر (ویب نیوز)
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت میں ایک اور کشمیری نوجوان شہید ہوگیا۔ جنت نظیر وادی کے ضلع راجوری میں قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے نام پر گھر گھر تلاشی لی۔ اس دوران خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی گئی اور بزرگوں کو ہراساں کیا گیا۔جارحیت پسند بھارتی فوج نے ایک مکان پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک کشمیری نوجوان شہید ہوگیا۔ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی فوج نے لاش لواحقین کے حوالے کرنے سے انکار کردیا۔دوسری جانب کشمیر پولیس نے دعوی کیا کہ نوجوان مقابلے میں مارا گیا۔ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد لاش لواحقین کے حوالے کردی جائے گی تاہم اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے پولیس کے دعوے کو جھوٹ قرار دیدیا۔علاقہ مکینوں اور اہل خانہ نے نوجوان کے قتل پر احتجاج بھی کیا اور بھارتی فوج کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے جدوجہد آزادی کشمیر کے حق میں پلے کارڈز اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے۔