اسلام آباد / راولپنڈی (ویب نیوز)
- پی ٹی آئی دھرنا؛ ریاست کے سامنے کوئی کھڑا نہیں ہو سکتا، اسلام آباد ہائیکورٹ
- دھرنے سے متعلق سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ موجود ہے، چیف جسٹس عامر فاروق
- کنٹینر لگانا کوئی مسئلے کا حل نہیں، انتظامیہ کوئی جدید طریقہ اختیار کرے
- اگر راولپنڈی میں کچھ ہوتا ہے تو بھی اسلام آباد آنے والوں کو دشواری ہو سکتی ہے
- عدالت نے پی ٹی آئی کی طرف سے درخواست واپس لیے جانے پر تاجروں کی درخواست نمٹادی
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے پی ٹی آئی دھرنے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دئیے ہیں کہ ریاست کے سامنے کوئی کھڑا نہیں ہو سکتا۔پاکستان تحریک انصاف کے متوقع دھرنے کے خلاف تاجروں کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ دھرنے سے متعلق سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ موجود ہے۔ کنٹینر لگانا کوئی مسئلے کا حل نہیں۔ انتظامیہ کوئی جدید طریقہ اختیار کرے۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے کہ ریاست کے سامنے کوئی کھڑا نہیں ہو سکتا۔ اگر راولپنڈی میں کچھ ہوتا ہے تو بھی اسلام آباد آنے والوں کو دشواری ہو سکتی ہے۔ عدالت نے پی ٹی آئی کی طرف سے درخواست واپس لیے جانے پر تاجروں کی درخواست نمٹادی۔
- راولپنڈی انتظامیہ اور اداروں کی پی ٹی آئی کے دھرنے کا مقام تبدیل کرنے کی تجویز
- فیض آباد کے قریب دھرنا دینے کی بجائے علامہ اقبال پارک تک لانے کی تجویز دے دی گئی
- پی ٹی آئی راولپنڈی کے قائدین نے جگہ کی تبدیلی پرمشاورت کے لیے مزید وقت مانگ لیا
- انتظامیہ نے پی ٹی آئی قیادت کو حساس عمارتوں کی سیکورٹی اور پاکستان انگلینڈ کرکٹ سیریز متاثر ہونے کے خدشات سے آگاہ کردیا،ذرائع
راولپنڈی کی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پی ٹی آئی کے دھرنے کا مقام فیض آباد سے تبدیل کرکے علامہ اقبال پارک تک لانے کی تجویز دے دی۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی فیض آباد کے قریب دھرنا دینا چاہتی ہے۔ راولپنڈی کی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پی ٹی آئی کے دھرنے کا مقام علامہ اقبال پارک تک لانے کی تجویز دے دی۔ پی ٹی آئی راولپنڈی کے قائدین نے جگہ کی تبدیلی پرمشاورت کے لیے مزید وقت مانگ لیا۔راولپنڈی میں 26 نومبر کو ہونے والے پی ٹی آئی کے دھرنے کے باعث حساس عمارتوں کی سیکورٹی اور پاکستان انگلینڈ کرکٹ سیریز متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم بھی 26 نومبر کو اسلام آباد پہنچے گی۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ عمران خان براستہ ہیلی کاپٹر راولپنڈی پہنچیں گے۔ ہیلی کاپٹر سے اسٹیج تک سیکورٹی کے انتظامات پر بھی نظر ثانی جاری ہے۔ راولپنڈی میں فیض آباد کے قریب انتہائی اہم تنصیبات بھی موجود ہیں۔ راولپنڈی انتظامیہ نے پی ٹی آئی قائدین کو تمام خدشات سے آگاہ کردیا ہے۔
- راولپنڈی میں جمعے کو مظاہرین کی خیمہ بستی لگ جائے گی،اسد عمر
- فیض آباد پر عمران خان کا اسٹیج لگایا جائے گا، مشاورت کر لی گئی ہے
- قوم اپنا فیصلہ کربیٹھی ہے، اس انتشار سے نکلنے کا ایک واحد راستہ شفاف الیکشن ہیں
- جب تک نئے الیکشن کا اعلان نہیں ہوتا روزانہ معیشت کی تباہی میں اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے، میڈیا سے گفتگو
پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اسد عمر نے کہا ہے کہ جمعے کی صبح سے فیض آباد میں خیمہ بستی لگا دی جائے گی، ملک کے مختلف ممالک سے خیمہ بستی میں لوگ شامل ہوں گے، قوم اپنا فیصلہ کربیٹھی ہے، اس انتشار سے نکلنے کا ایک واحد راستہ شفاف الیکشن ہیں۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع راولپنڈی میں ہونے جا رہا ہے، فیض آباد پر عمران خان کا اسٹیج لگایا جائے گا، مشاورت کر لی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں تحریک انصاف کے رہنما پہنچے ہوئے ہیں، حکومت عوام کی طرف توجہ دیتی تو معیشت کی تباہی نہ ہوتی۔ اسد عمر کا مزید کہنا ہے کہ انتشار سے نکلنے کا راستہ صرف انتخابات کا اعلان ہے، معیشت کی تباہی سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ عمران خان گولیاں کھانے کے باوجود ڈٹے ہوئے ہیں۔ اسد عمر نے کہاکہ اپنی حقیقی آزادی کے لئے باہر نکلنے کے لئے قوم تیار ہے، اچھی خبر یہ ہے کہ قوم تیار ہے، جب تک نئے الیکشن کا اعلان نہیں ہوتا روزانہ معیشت کی تباہی میں اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ انتشار سے پاکستان کو نکالنے کے لئے ایک ایک دن کی تاخیر کی جارہی ہے، یہ ہماری معیشت کو جس صورتحال میں لے کر آگئے ہیں وہ قومی سلامتی کا خطرہ بنتا جارہا ہے۔ اسد عمر نے مزید کہا ہے کہ یہ حکومت اپنے وسائل اور وقت اور توجہ پی ٹی آئی قیادت کو دہشتگرد ثابت کرنے کی بجائے کاروبار حکومت کی طرف لگا رہی ہوتی تو آج معیشت کی تباہی نظر نہ آرہی ہوتی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے اگلے دنوں میں ہمارا مرکز پاکستانی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع کرنا ہے، گلگت بلتستان سے لے کر کراچی اور بلوچستان تک اور تمام صوبوں سے لوگ بڑی تعداد میں پنڈی آئیں گے، ہماری پنڈی کی تنظیم کے پاس میزبانی کرنے کیلئے ذمہ داری ہو گی۔واضح رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 26 نومبر کو راولپنڈی پہنچنے کی کال دی ہے۔پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا تھا کہ جنہوں نے انہیں مارنے کی کوشش کی وہ ابھی بھی وہیں بیٹھے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجھ پر 23 ایف آئی آرز کاٹی گئیں، مجھے ایسے رکھا گیا جیسے غدار ہوں، مجھ پر ایسے ظلم کیا گیا جیسے پاکستانی نہیں ہوں۔