ٹی ٹی پی جیسے خطرات سے نمٹنا پاکستان اور امریکا کا مشترکہ مفاد ہے
پاکستان کی تیل کی ضروریات کو سمجھ سکتے ہیں، ہر ملک کو اپنے حالات کے مطابق فیصلہ لینا ہوگا،امریکی محکمہ خارجہ
واشنگٹن (ویب نیوز)
امریکا نے کہا ہے کہ نئے آرمی چیف کی تعیناتی پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے بیان میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے حکومت کے ساتھ معاہدہ توڑنے پر کہا کہ ٹی ٹی پی جیسے خطرات سے نمٹنا پاکستان اور امریکا کا مشترکہ مفاد ہے۔امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے لیے پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری چاہتے ہیں، ہر قسم کی دہشت گردی سے مقابلے کے لیے پاکستانی حکومت کی کوششوں کو سپورٹ کرتے ہیں۔امریکا کا مزید کہنا تھا کہ 2 دہائیوں میں پاکستانی عوام دہشتگرد حملوں سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں، علاقائی اور عالمی دہشتگردی کے خلاف تعاون اور کوششوں کی امید رکھتے ہیں۔پاکستان کی روسی تیل خریدنے کی کوشش پر امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی تیل کی ضروریات کو سمجھ سکتے ہیں، ہر ملک کو اپنے حالات اور تیل کی ضروریات کے مطابق فیصلہ لینا ہوگا۔امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق انہوں نے روس پر تیل برآمد کرنے کے لئے اب تک پابندیاں نہیں لگائیں، اتحادیوں کے ساتھ مل کر مہنگے تیل کے عالمی منڈی پر اثرات سے نمٹنے کی کوشش کر رہے ہیں۔