اسلام آباد (ویب نیوز)
وزیراعظم شہباز شریف نے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی قبل ازوقت ریٹائرمنٹ کی منظوری دیدی۔ذرائع کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے نئے آرمی چیف کی نامزدگی کے فورا بعد قبل ازوقت ریٹائرمنٹ کی درخواست جی ایچ کیو کو بھجوائی تھی، وزارتِ دفاع نے درخواست منظوری کے لیے و زیراعظم آفس بھجوا دی تھی جس کی وزیراعظم شہباز شریف نے منظوری دیدی۔ یاد رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے اپریل 2023 میں ریٹائر ہونا تھا۔واضح رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کور کمانڈر بہاولپور تھے ، وہ وزیراعظم عمران خان کے دور میں کور کمانڈر پشاور اور ڈی جی آئی ایس آئی سمیت اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید 27اپریل 2023 کو ریٹائرڈ ہو رہے تھے لیکن انہوں نے قبل از وقت ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا تھا۔نئے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تعیناتی کے حوالے سے حکومت کو جی ایچ کیو سے جن 6 ناموں کی سمری موصول ہوئی تھی ان میں لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کا نام بھی شامل تھا۔