جماعت اسلامی آزاد کشمیر نے دو اضلاع میں ضلع کونسل کی تین اورلوکل کونسل کی 35 نشستیں حاصل کیں۔ راجہ ذاکر
اسلام آباد (ویب نیوز)
پونچھ ڈویژن کے 4 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات مکمل ہوگئے ہیں۔ ضلع باغ اور سدہنوتی میں تحریک انصاف جبکہ حویلی اور پونچھ اضلاع میں اپوزیشن جماعتوں مسلم لیگ ن آزاد کشمیر اور پیپلز پارٹی آزاد کشمیر نے کامیابی حاصل کی ہے ۔پونچھ ڈویژن کے 4 اضلاع(باغ، پلندری، حویلی اور راولاکوٹ) کی 88 یونین کونسلز، 4 ضلع کونسلز، 2 میونسپل کارپوریشنز، میونسپل کمیٹیوں اور 5 ٹان کمیٹیوں کے کل 787 وارڈز سے 1820 آزاد اور 15 سیاسی پارٹیوں کے 2039 نامزد امیدوار(مجموعی تعداد 3859) کے مابین مقابلہ ہوا، جن میں 8 خواتین بھی شامل ہیں۔واضح رہے کہ بلدیاتی الیکشن کے سلسلے میں پونچھ ڈویژن میں 12 امیدوار پہلے ہی بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی پولنگ کے لیے 1867 پولنگ اسٹیشنز اور 2697 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے تھے جب کہ سکیورٹی خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے 547 پولنگ اسٹیشنز کو حساس اور 406 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا تھا۔۔ اس مو قع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں حالات سے نمٹنے کے لیے 9 ہزار سے زائد پولیس اہل کار تعینات کیے گئے تھے ۔غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں پاکستان تحریک انصاف نے ضلع کونسل کی کل 28 نشستوں میں سے تقریبا 12 نشستیں حاصل کیں جبکہ مسلم کانفرنس نے 4، پاکستان پیپلزپارٹی نے 3 اور پاکستان مسلم لیگ ن اور آزاد امید واروں نے 2، 2 نشستیں حاصل کیں اور آزاد کشمیر جمعیت اسلام نے ایک نشست حاصل کرنے میں کامیاب رہی، اس کے علاوہ 2نشستوں کے نتائج آنا ابھی باقی ہے ۔ تحریک انصاف نے میونسپل کارپوریشن کی 15 میں سے 9 نشستیں حاصل کیں جبکہ آزاد امیدواروں نے 4 اور پاکستان پیپلزپارٹی 2 نشستیں جیت سکی۔ جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے ترجمان راجہ ذاکر کے مطابق جماعت اسلامی آزاد کشمیر نے ضلع باغ میں ضلع کونسل کی دو اورلوکل کونسل کی 35 نشستیں حاصل کی ہیں۔غیر سرکاری نتائج کے مطابق سدھنوتی ڈسٹرکٹ کونسل کی 19 نشستوں میں سے پاکستان تحریک انصاف نے 11، مسلم لیگ ن نے 4، آزاد امیدواروں نے 2 اور آزاد کشمیر جمعیت علمائے اسلام نے ایک نشست حاصل کی ۔جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے ترجمان راجہ ذاکر کے مطابق جماعت اسلامی آزاد کشمیر نے ضلع سدہنوتی میں ضلع کونسل کی ایک نشست حاصل کی ہے ۔ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر میونسپل میں پی ٹی آئی نے 8 میں سے 5 نشستیں حاصل کیں، جبکہ آزاد امیدواروں نے 2 اور مسلم لیگ ن ایک نشست حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ تراڑکھل سے بھی جماعت اسلامی کو ایک لوکل کونسلر کی نشست ملی ہے ۔غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق ضلع حویلیاں میں مسلم لیگ ن 12 میں سے 6 ضلع کونسل کی نشستیں جیت سکی، پاکستان پیپلز پارٹی نے 4 اور پاکستان تحریک انصاف نے ایک نشست حاصل کی، جبکہ ایک نشست کے نتائج واضح نہیں ہوسکے۔ ضلع پونچھ کے شہر راولاکوٹ میں 22 رکنی میونسپل کارپوریشن میں جموں کشمیر پیپلز پارٹی 7 نشستیں جیت سکی، اس کے علاوہ پاکستان پیپلزپارٹی نے 4 ، مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف نے 3 ،3 اور آزاد امیدواروں نے5 نشستیں حاصل کیں۔جماعت اسلامی کو سون ٹوپہ سے ایک ٹاون کمیٹی کی نشست ملی ہے ۔اس کے علاوہ ضلع پونچھ میں 29 رکنی ضلع کونسل میں پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن نے 8، 8 نشستیں حاصل کیں، پاکستان پیپلزپارٹی نے 6، جموں کشمیر پیپلز پارٹی نے5 اور آزاد امیدوار 2 نشستیں جیت سکے۔