مسئلہ کشمیر کا پرامن حل او آئی سی کی اولین ترجیح اورہمارا فرض ہے۔او آئی سی سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہٰ
ایوان صدر مظفرآباد میں صدر آزادکشمیرسلطان محمود اور وزیر اعظم تنویر الیاس سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت
وفاقی مشیر برائے امور کشمیر قمرزمان کائرہ ، سعودی عر ب ، آذربائیجان،ترکیہ، نایئجریا اور کئی دوسرے ممالک کے سفیر بھی موجود تھے
مظفرآباد( ویب نیوز)
اسلامی تعاون تنظیم ( او آئی سی)کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحہ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا پرامن حل او آئی سی کی اولین ترجیح اورہمارا فرض ہے ، میرے دورہ آزادکشمیر کا مقصد یہاں کے حالات کا جائزہ لینا اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہاریکجہتی واظہار ہمدردی ہے ۔مسئلہ کشمیر پرتمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان چینل آف ڈسکشن اوپن کرنا چاہتے ہیں تاکہ اس مسئلہ کا ڈپلومیسی کے ذریعے حل نکالاجا سکے ۔ اسلامی دنیا تک کشمیریوں کی آواز پہنچائیں گے اور انٹرنیشنل کمیونٹی کو بھی اس حوالہ سے آن بورڈ لیں گے ۔ کشمیراو آئی سی کا حصہ ہے ہماری ذمہ داری ہے کہ مسئلہ کشمیر کا پرامن اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل نکالیں ۔ ان خیالات کا اظہار او آئی سی سیکرٹری جنر ل نے ایوان صدر مظفرآباد میں صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹرسلطان محمود چوہدری اور وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان سے ملاقات کے بعد میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی مشیر برائے امور کشمیر قمرالزمان کائرہ ، ایمبیسڈر صالح حمد الصبحانی سعودی عربیہ، ایمبیسڈر شاہین عبداللہ عبداللوی آذربائیجان، ایمبیسڈرمحنت متینکرترکیہ، ایمبیسڈر دعی علی نایئجریا ،ایمبسڈریوسف الدوبدوی، ایمسڈر احمد سریر، ایمبسڈر اسکار، مسٹر منصور،ہمال ایمانی ، محمد عاطف، وقاص لطیف ، آزادکشمیر کے وزیرایس ڈی ایم اے چوہدری محمد اکبر ابراہیم ، چیف سیکرٹری آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر محمد عثمان چاچڑودیگر بھی موجود تھے ۔ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے کہاکہ آج ہم نے ایل او سی کا دورہ کیا ہے وہاں ہندوستانی فوج کی جارحیت کے متاثرین سے ملاقات بھی کی ہے تاکہ حالات کا جائزہ لیکر اس مسئلے کے حل کی جانب قدم اٹھایا جاسکے ۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقو ق کی خلاف ورزیوں کے حوالہ سے دنیا کو مزید بتانے کی ضرورت ہے۔ سیکریٹری جنرل نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی ممالک کا نمائندہ ہونے کی وجہ سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنا اور اس کو حل کرنا ہماری ہماری ذمہ داری ہے۔ دوست ممالک کے ساتھ مل کر اس مسئلہ کا حل نکالیں گے تاکہ خطہ میں امن و امان قائم ہو سکے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے تمام ممبران ممالک کو مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کے لئے بہتر فیصلہ لینے کے لئے کہا ہے اور ہم باتوں کی بجائے عمل پر یقین رکھتے ہیں۔ دریں اثناء صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اس موقع پر میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ اسلامی رابطہ تعاون تنظیم(او آئی سی) نے ہر مرحلے پر کشمیری عوام کی مدد کی ہے اور آج یہاں ہم مظفرآباد میں اسلامی رابطہ تعاون تنظیم(او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ نے ایوان صدر مظفرآباد میں آ کر جس واضح اور دو ٹوک الفاظ میں کشمیریوں کی حمایت اعادہ کیا ہے اس پر ہم ان کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔ کشمیر کوئی سرحدی تنازعہ نہیں بلکہ یہ ڈیڑھ کروڑ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا معاملہ ہے اور کشمیریوں کے مستقبل کا سوال ہے۔ میں اسلامی رابطہ تعاون تنظیم(او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ کا اس لیے بھی خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے اسلام آبا د میں رواں سال 22مارچ کو ہونے والی او آئی سی منسٹریل کانفرنس میں مجھے خطاب کا موقع دیا اسی طرح او آئی سی کے ہیڈ کوارٹر جدہ میں بھی میں نے ان سے ملاقات کی جبکہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر کشمیر کانٹیکٹ گروپ، او آئی سی منسٹریل کانفرنس سے خطاب کا موقع دیا جہاں میں نے ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کا مقدمہ لڑا۔ ہمیں یقین ہے کہ اسلامی رابطہ تعاون تنظیم(او آئی سی) کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھے گی۔ میں آج یہاں اسلامی رابطہ تعاون تنظیم(او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ اور ان کے ہمراہ آنے والے دوست ممالک کے نمائندوں کی موجودگی میں انٹرنیشنل کمیونٹی سے اپیل کرتا ہوں کے وہ مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر جاری مظالم رکوانے اور کشمیری عوام کو ان کا حق خود ارادیت دلوانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ اسلامی رابطہ تعاون تنظیم(او آئی سی) نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی دو ٹوک حمایت کی ہے اور آج یہاں اسلامی رابطہ تعاون تنظیم(او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ کے آزاد کشمیر کے دورہ کے موقع پر ایوان صدر مظفرآباد میں آنے سے کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہوئے ہیں اور ان کے دورے سے مسئلہ کشمیر کو بڑی تقویت ملے گی اور ان کے دورے کے دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔ میں اسلامی رابطہ تعاون تنظیم(او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے خصوصی طور پر آج یہاں آزاد کشمیر کے دارلحکومت مظفرآباد کے دورے کے موقع پر ایوان صدر مظفرآباد میں تشریف لائے انہوں نے ہمیشہ کی طرح کشمیری عوام کی حمایت کا اعادہ کیا ہے اور کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھانے کا یقین دلایا ہے جس پر ہم کشمیری ان کے مشکور ہیں۔