• میرانشاہ کے بازار میں موٹر سائیکل سوار خود کش حملہ آور نے خود کو سکیورٹی فورسز کی گاڑی سے ٹکرا دیا، آئی ایس پی آر
  • زخمیوں میں سکیورٹی اہلکار بھی شامل، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میرانشاہ منتقل کر دیا گیا،ڈی پی او فرحان خان
  •  شہید حوالدار محمد امیر کی عمر 30 برس، تعلق میانوالی سے تھا،فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا ،آئی ایس پی آر

راولپنڈی/میرانشاہ (ویب نیوز)

شمالی وزیرستان کے ہیڈکوارٹر میران شاہ بازارمیں خودکش دھما کے میں پاک فوج حوالدار اور ایک شہری شہید اور اہلکاروں سمیت 9افراد زخمی ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق شمالی وزیرستان کے ہیڈکوارٹر میرانشاہ کے بازار میں موٹر سائیکل سوار خود کش حملہ آور نے خود کو سکیورٹی فورسز کی گاڑی سے ٹکرا دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق خودکش دھماکے میں سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں سمیت 9 افراد زخمی بھی ہوئے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فرحان خان کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میرانشاہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دھماکے میں شہید ہونے والے حوالدار محمد امیر کی عمر 30 برس تھی اور ان کا تعلق میانوالی سے تھا۔ شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق واقعے کے بعد فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

 

  • مسلمانوں پر خود کش حملے کرنے والے مسلمان نہیں ہو سکتے،شہباز شریف
  •  پاکستانی عوام کے خون کی ہر بوند کا حساب لیں گے، مجرموں کو عبرت کا نشان بنائیں گے
  • وزیراعظم کی میرانشاہ خود کش دھماکے کی مذمت، حوالدار محمد امیر اور عام شہری کی شہادت پر افسوس، اہلخانہ سے  ہمدردی کا اظہار

وزیراعظم میاں شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں خود کش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حوالدار محمد امیر اور عام شہری کی شہادت پر افسوس اور اہل خانہ سے  ہمدردی کا اظہارکیا ہے۔ جمعرات کے روز وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباشریف کا کہنا تھا کہ مسلمانوں پر خود کش حملے کرنے والے مسلمان نہیں ہو سکتے،دہشت گرد دشمنوں کے دست و بازو ہیں جو پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کے خون کی ہر بوند کا حساب لیں گے، مجرموں کو عبرت کا نشان بنائیں گے پاکستان کے عوام اور سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے عظیم قربانیاں دی ہیں شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن عزیز پر اپنی جانیں نچھاور کر دیں۔ وزیر اعظم نے شہدا ء کے بلندی درجات اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعابھی کی۔