اسلام آباد (ویب نیوز)
وزیر مملکت مصدق ملک نے روسی تیل سے متعلق وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس سے ہم سستا خام تیل خریدیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر مملکت مصدق ملک نے کہا کہ روس نے واضح طور پر خام تیل دینے کا کہا ہے، روس سے تیل ملے گا اور رعایت پر ملے گا، پاکستانی ریفائنریز اسے صاف بھی کریں گی۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ایندھن کیلئے پاکستانی وفد نے روس کا دورہ کیا جو بہت کامیاب رہا، ترکمانستان سے ہمیں پائپ گیس ملے گی، قطر سے گیس کے مزید کارگو منگوائے جا رہے ہیں، قطری حکومت کا شکر گزار ہوں، جنہوں نے ہماری مدد کی، گزشتہ سال کی نسبت زیادہ گیس فراہم کر رہے ہیں۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ ہم امارات کے ساتھ ایک معاہدہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں، آذربائیجان ہمیں ایل این جی کا ایک کارگو آفر کر چکا ہے، ہم معاہدوں کو آگے بڑھا رہے ہیں جس سے ہمیں سستا خام تیل ملے گا۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ہم نے دسمبر کے پہلے 15 دن میں بھی گیس کی بہتر فراہمی یقینی بنائی، جہاں ہماری پائپ لائن نہیں پہنچ پاتی وہاں ایل پی جی کی دکانیں کھولی ہیں، دسمبر اور جنوری میں گزشتہ سال سے زیادہ گیس فراہم کریں گے۔
پریس کانفرنس میں وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ ہمیں ہر سال توانائی میں 8 سے 10 فیصد اضافہ چاہیے، ہمیں پیداواری رفتار کو آگے بڑھانا ہوگا، ہماری تمام ترجیح ملک کی ترقی و خوشحالی ہے، غریب آدمی کو ریلیف فراہم کرنا ہی موجودہ حکومت کا مشن ہے.