لاہور / راجن پور
پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث اہم موٹرویز کو بند کر دیا گیا ۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹر وے ایم 2 لاہور سے اسلام آباد تک شدید دھند کے باعث بند کر دی گئی جبکہ موٹر وے ایم 3 فیض پورسے رجانہ انٹرچینج تک بند کی گئی ۔ترجمان موٹر وے نے بتایا کہ موٹر وے ایم 4 کو بھی فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک بند کردیا گیا ،حد نگاہ انتہائی کم رہی ،قومی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی ۔موٹروے پولیس کی جانب سے شہریوں کو محتاط ڈرائیونگ اور غیرضروری سفر نہ کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔
- راجن پور، شدید دھند کے باعث دوبسوں میں تصادم ،8مسافر جاں بحق ،متعدد زخمی
- ایک مسافر بس پشاور سے کراچی اور دوسری بس کوئٹہ سے راجن پور آ رہی تھی، زخمی ہسپتال منتقل
- وزیراعلیٰ پنجاب کا حادثے میں جانی نقصان پر اظہار افسوس،رپورٹ طلب کر لی،ذمہ دار ڈرائیور کے خلاف کارروائی کی ہدایت
شدید دھند کے باعث راجن پور میں انڈس ہائی وے پر دو مسافر بسوں میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ریسکیوحکام کے مطابق انڈس ہائی وے شاہ والی کے مقام پر 2مسافر بسیں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں 8 افراد موقع ہر ہی جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہو گئے، زخمیوں کو شاہ والی اور روجھان ہسپتال میں منتقل کیا گیا۔ریسکیوحکام کے مطابق ایک مسافر بس پشاور سے کراچی اور دوسری بس کوئٹہ سے راجن پور آ رہی تھی ۔وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے راجن پور کے قریب ٹریفک حادثے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی۔چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔