آپ خود آئین کو پامال کر رہے ہیں، آٹھ روز بعد انتخابات ہونے ہیں تو ایسے میں یہ بل پیش کر دیا گیا،مولانا عبدالاکبر چترالی کا نکتہ اعتراض
اسلام آباد (ویب نیوز)
قومی اسمبلی نے اسلام آباد دارالحکومتی علاقہ مقامی حکومت ترمیمی بل2022 کی اکثریت رائے سے منظوری دیدی ۔ بل وزیر مملکت شہادت اعوان نے پیش کیا بل کے مطابق اسلام آباد میں اب 101 کی بجائے 125 یونین کونسلیں ہوں گی۔ میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب براہ راست رائے دہندگان کے ذریعے مشترکہ امیدواروں کے طور پر کیا جائے گا۔ قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر قومی راجہ پرویزاشرف کی صدارت میں جمعرات کے روز پارلیمنٹ ہاوس میں ہوا ۔ مولانا عبد الاکبرچترالی نے نکتہ اعتراض پر بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اب جبکہ آٹھ روز بعد پولنگ ہونا ہے تو ایسے میں یہ بل پیش کر دیا گیا۔ پنجاب میں اسپیکر اور وزیر اعلی پہ آئین کی پامالی کا الزام لگایا جا رہا ہے یہاں آپ خود آئین کو پامال کر رہے ہیں ۔ اظہارخیال کرتے ہوئے رمیش کمار نے کہا کہ میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب براہ راست کرنا اچھا اقدام ہے ۔حکومت بلدیاتی انتخابات سے کیوں بھاگ رہی ہے، ایک دن اجلاس پر پانچ کروڑ کا خرچ آتا ہے حکومت نے پہلے یہ بل کیوں پیش نہ کیا۔ غوث بخش مہر نے کہا کہ لگتا ہے حکومت اسلام آباد میں الیکشن نہیں کروانا چاہ رہی پتہ نہیں کیوں حکومت بلدیاتی الیکشن سے بھاگ رہی ہے۔ سندھ میں ابھی بھی سیلاب سے متاثرہ لوگ ہیں کوئی امداد نہیں مل رہی۔سیلاب متاثرہ علاقوں سے بجلی کے بل مانگ رہے ہیں۔ وہ کہاں سے بل لائیں ان کے پاس کھانے کو کچھ نہیں تو بل کہاں سے دیں۔ رمیش کمار نے کورم پوائنٹ آئوٹ کرنے کی کوشش کی جس پر مرتضی جاوید عباسی نے انہیں بٹھا دیا۔ انجینئر صابر قائم خانی نے کہا کہ آبادی کے لحاظ سے یوسیزبڑھانے کو سپورٹ کرتے ہیں، اس قسم کے کام کی سندھ میں بھی ضرورت ہے۔ اگر آبادی کو صحیح طریقے سے سامنے نہیں لائیں گے تو لوگوں کو حقوق کیسے ملیں گے۔ سندھ میں نئی حلقہ بندیاں ہونی چاہیئیں ۔ قومی اسمبلی اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا گیا۔ اسلام آباد بلدیاتی انتخابات بل فوری طور نافذ العمل ہو گا۔ بل کے تحت اسلام آباد کی یونین کونسل کی تعداد 125 ہو گی۔ میئر اور ڈپٹی میئر کا الیکشن براہ راست ہو گا۔ مئیر اور ڈپٹی میئر کے لیے ایک ہی ووٹ کاسٹ ہو گا میئر اور ڈپٹی میئر کی نشست کسی بھی صورت خالی ہونے پر دوبارہ براہ راست انتخاب ہو گا۔ مئیر اور ڈپٹی میئر کے براہ راست انتخاب کے لیے ووٹنگ یونین کونسل کے الیکشن کے روز ہی ہو گی۔