وفاقی کابینہ نے مارکیٹیں ساڑھے 8 ،شادی ہالز رات دس بجے بند کرنے کی منظوری دیدی
فوری طور پر پورے پاکستان میں نافذ العمل ہوگا ، مارکیٹس اور شادی ہالز کی جلد بندش سے قومی خزانے کو 62 ارب روپے کی بچت ہوگی
بجلی سے چلنے والے غیر موثر ،ان ایفیشنٹ پنکھوں پر اضافی ڈیوٹی عائد کی جائے گی، خواجہ محمد آصف کی پریس کانفرنس
اسلام آباد( ویب نیوز)
وفاقی حکومت نے پاکستان بھر میں بجلی کے استعمال میں کمی لانے کیلئے مارکیٹیں ساڑھے 8 بجے بند کرنے کا فیصلے کی منظوری دی گئی ۔ منگل کو اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وفاقی وزرا کی مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران اجلاس میں کئے گئے فیصلوں سے متعلق میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے خواجہ آصف نے بتایا کہ آج ہونے والے کابینہ اجلاس میں توانائی پالیسی کی منظوری دی گئی ہے، پالیسی کے تحت وفاقی اداروں میں بجلی کے استعمال میں 30 فیصد کمی لائی جائے گی۔خواجہ آصف نے بتایا کہ ملک بھر میں شادی ہالز کو رات دس بجے جب کہ تمام مارکیٹیں رات ساڑھے آٹھ بجے بند کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ کابینہ کے اجلاس میں کوئی لائٹ آن نہیں تھی، اس اقدام کا مقصد بجلی کی بچت تھا، وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ تمام وفاقی سرکاری اداروں میں بجلی کے استعمال میں 30 فیصد کمی لائی جائے اور برقی آلات کے غیر ضروری استعمال سے اجتناب کیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے توانائی ڈویژن کی سفارشات کی روشنی میں توانائی بچت پلان کے نفاذ کی منظوری دے دی ہے جو کہ فوری طور پر پورے پاکستان میں نافذ العمل ہوگا۔وزیر دفاع نے کہا کہ توانائی بچت پلان کے نکات کے مطابق مارکیٹس، ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کی جلد بندش سے قومی خزانے کو 62 ارب روپے کی بچت ہوگی۔خواجہ آصف نے کہا کہ بجلی سے چلنے والے غیر موثر پنکھے یکم جولائی 2030 کے بعد فیکٹریوں میں بننے بند ہوجائیں گے، اس کے علاوہ بجلی سے چلنے والے غیر موثر ،ان ایفیشنٹ پنکھوں پر اضافی ڈیوٹی عائد کی جائے گی، اس اقدام سے تقریبا 15 ارب روپے کی بچت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ 29 ہزار میگا واٹ بجلی ہم گرمیوں میں استعمال کرتے ہیں، سردیوں میں ہم 12 ہزار میگا واٹ بجلی استعمال کرتے ہیں، گرمیوں میں 17 ہزار میگا واٹ اضافی استعمال ہونے والی بجلی میں 5 ہزار 3 میگا واٹ ایئر کنڈیشنر کی ہے جب کہ 12 ہزار میگا واٹ پنکھوں کے ذریعے استعمال ہونے والی بجلی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کا مطلب ہے کہ ہم صرف گرمی سے بچنے کے لیے 18 ہزار میگا واٹ بجلی استعمال کرتے ہیں، ان میں سے صرف پنکھے 12 ہزار میگا واٹ بجلی استعمال کرتے ہیں جن میں زیادہ تعداد ان پنکھوں کی ہے جو غیر موثر، ان ایفیشنٹ ہیں اور 120سے 130 واٹس بجلی استعمال کرتے ہیں جب کہ اس وقت مارکیٹ میں ایسے پنکھے دستیاب ہیں جو 80، 40 واٹس بجلی استعمال کرتے ہیں۔