- چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ جمعرات کو سماعت کرے گا
اسلام آباد ( ویب نیوز)
سینئر صحافی ارشد شریف قتل کیس کے تحقیقات کیلیے قائم اسپیشل جے آئی ٹی نے اعتراض دور کرکے رپورٹ دوبارہ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی۔ رجسٹرار آفس نے کینیا کی پوسٹمارٹم رپورٹ کی فوٹو کاپی ہونے پراعتراض کیا تھا۔ اسپیشل جے آئی ٹی نے پیشرفت رپورٹ پراعتراض دور کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق رجسٹرارآفس نے کینیا کی پوسٹمارٹم رپورٹ کی فوٹو کاپی ہونے کااعتراض عائدکیا تھا، جے آئی ٹی نے کینیا کی پوسٹمارٹم رپورٹ اور بیان حلفی دوبارہ جمع کرا دیا۔ اعتراض دور ہونے پر رجسٹرار آفس نے پیشرفت رپورٹ وصول کر لی، اس سے قبل جے آئی ٹی نے پہلے اعتراض عائد ہونے پررپورٹ جمع کرانے کا کہا تھا۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے سینئر صحافی ارشد شریف قتل ازخود نوٹس کیس سماعت کیلئے مقرر کردیا ہے۔ کیس کی سماعت 5 جنوری کو دن ایک بجے ہوگی۔ چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ سماعت کرے گا۔ واضح رہے کہ معروف صحافی و سینیئر اینکر پرسن ارشد شریف کو 24 اکتوبر کو کینیا میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا جس کے بعد وفاقی حکومت نے اس قتل کی تحقیقات کے لئے ٹیم بنا کر کینیا بھیجی تھی۔