ارشد شریف قتل ازخود نوٹس ، سپریم کورٹ نے سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے اگلی رپورٹ جمع کرانے کیلئے ایک ماہ کی مہلت طلب کی ہے
امید ہے سپیشل جے آئی ٹی تیاری کے ساتھ یو اے ای اور کینیا جائے گی،تحریری حکمنامہ
اسلام آباد (ویب نیوز)
ارشد شریف قتل ازخود نوٹس میں سپریم کورٹ نے گزشتہ روزکی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ چیف جسٹس پاکستان سپریم کورٹ صحافی شہید ارشد شریف قتل از خود نوٹس کا گزشتہ روز کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے 2 صفحات پر مشتمل حکم نامہ تحریر کیا ہے۔سپریم کورٹ نے تحریری حکم نامے میں کہا کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ سے آگاہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق اب تک 41 گواہان کے بیانات ریکارڈ کئے گئے۔چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے تحریری حکم نامے میں کہا کہ قتل کی تحقیقات پاکستان، یو اے ای اور کینیا میں کی جارہی ہیں۔ کینیا اور یو اے ای سے باہمی قانونی تعاون کیلئے حکومت نے خط لکھ دیا ہے۔عدالتِ عظمیٰ نے تحریری حکم نامے میں یہ بھی کہا کہ امید ہے سپیشل جے آئی ٹی تیاری کے ساتھ یو اے ای اور کینیا جائے گی۔سپریم کورٹ نے تحریری حکم نامے میں کہا کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے اگلی رپورٹ جمع کرانے کیلئے ایک ماہ کی مہلت طلب کی۔ کیس کی مزید سماعت فروری کے پہلے ہفتے میں ہوگی۔گذشتہ روز سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان نے ہدایت کی کہ دبئی سے کن حالات میں ارشد شریف کینیا گئے وہ بھی تحقیقات ہوں۔ بنیادی معاملہ ارشد شریف کا قتل ہے اس کی تمام پہلوئوں سے تحقیقات کی جائیں۔