استور میں برفباری جاری، 2 فٹ تک برف پڑنے سے بالائی علاقوں کا رابطہ منقطع
چلاس، دیامر، بابوسر ٹاپ، بٹوگاہ ٹاپ اور نانگا پربت میں وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے
کوہستان میں شاہراہ قراقرم لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہوگئی، وادی مالم جبہ میں ہر طرف سفیدی پھیل گئی
شوگران،کاغان اور ناران میں ڈیڑھ فٹ تک برف پڑچکی، وادی نیلم کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری ریکارڈ
اسلام آباد / کوئٹہ / زیارت (ویب نیوز)
استور میں برفباری جاری ہے اور اب تک 2فٹ تک برف پڑ نے سے بالائی علاقوں سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔چلاس، دیامر، بابوسر ٹاپ، بٹوگاہ ٹاپ اور نانگا پربت میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کوہستان میں شاہراہ قراقرم لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہوگئی۔ملک کی حسین ترین وادی مالم جبہ میں ہر طرف سفیدی پھیل گئی ہے اور برفباری کا سلسلہ چوتھے روز بھی جاری رہا۔اس کے علاوہ شوگران،کاغان اور ناران میں ڈیڑھ فٹ تک برف پڑچکی جب کہ آزاد کشمیر کی وادی نیلم کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری ریکارڈ کی گئی اور مظفر آباد سمیت کئی علاقوں میں بارش نے موسم مزید سرد کردیا ہے۔
- کوئٹہ میں شدید سردی، سڑکوں اور گلیوں میں جمع پانی جم گیا
بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں شدید سردی کے باعث سڑکوں اور گلیوں میں جمع پانی جم گیا۔ سردی کے سبب کوئٹہ کے گھروں کی پائپ لائنوں میں بھی پانی جم گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ اور گرد و نواح میں مطلع صاف ہے جبکہ موسم انتہائی سرد ہے۔ کوئٹہ بھر میں گیس پریشر کم ہے، کئی علاقوں میں نہ ہونے کے برابر ہے۔ بلوچستان کے دیگر اضلاع زیارت، قلات، مستونگ، پشین، قلعہ سیف اللہ میں بھی سردی میں اضافہ ہوا ہے۔ قلات اور زیارت میں گیس پریشر غائب ہو گیا جس کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے ہیں۔
- وادی زیارت میں درجہ حرارت منفی 15 ریکارڈ
وادی زیارت میں جمعہ کو درجہ حرارت منفی 15 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وادی زیارت میں گزشتہ روز کم سے کم درجہ حرارت منفی 12 ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا تھا۔ زیارت میں 3 جنوری کو درجہ حرارت منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ وادی کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 8، قلات میں منفی 11،ژوب میں منفی 5 اور پنجگور میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔