اپوزیشن ٹیم کے رکن ملک احمد خان نے جلد پی ٹی آئی کی پارلیمانی کمیٹی سے مذاکرات ہونے کا عندیہ د ے دیا
لاہور (ویب نیوز)
نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی تقرری کا معاملہ، اسپیکر نے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے دی، اسلم اقبال، راجہ بشارت اور ہاشم جواں بخت حکومتی ٹیم جبکہ ملک احمد خان، ملک ندیم کامران اور حسن مرتضی اپوزیشن ٹیم میں شامل ہیں۔نگران وزیراعلی پنجاب کی تقرری کے معاملے پر اسپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان نے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے دی، نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، کمیٹی میں اپوزیشن اور حکومت کے 3، 3 اراکین شامل ہیں، اسلم اقبال، راجہ بشارت اور ہاشم جواں بخت حکومتی ٹیم میں شامل ہیں جبکہ ملک احمد خان، ملک ندیم کامران اور حسن مرتضی اپوزیشن ٹیم میں شامل ہیں، دوسری جانب نگران وزیراعلی پنجاب کی تقرری کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کی پارلیمانی کمیٹی کے اراکین کے درمیان پہلا رابطہ ہوا ہے۔مسلم لیگ ن کے ملک احمد خان نے پی ٹی آئی کی پارلیمانی کمیٹی کے رکن کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ شام تک لاہور پہنچ جانے کا بتایا ہے۔ ملک احمد خان نے کہا کہ اگر جلدی لاہور پہنچ گیا تو ٹھیک ورنہ جمعہ کی صبح تحریک انصاف کی پارلیمانی کمیٹی سے مذاکرات ہوں گے۔ادھر تحریک انصاف کی پارلیمانی کمیٹی کے اراکین بدستور پنجاب اسمبلی میں موجود ہیں، پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کے رکن راجہ بشارت نے ملک احمد خان سے رابطے کی تصدیق کی ہے۔راجہ بشارت نے بتایا کہ ملک احمد خان نے لاہور پہنچنے کی اطلاع دی ہے، جب تک ن لیگی کمیٹی سے بات نہ ہو کچھ بھی بتانے کی پوزیشن میں نہیں ہوں۔حکومت اور اپوزیشن کے ارکان کمیٹی میں نگراں وزیر اعلی کے لیے اپنے نام پیش کرکے مشاورت کریں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد نگراں وزیراعلی کا تقرر نہیں کیا جا سکا تھا جس کی وجہ سے یہ معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس چلا گیا تھا۔