- اوگرا کی جانب سے تجویز پیش کی گئی پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت ختم کرنے کے لیے قیمتوں میں اضافہ کیا جائے
- پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا ا طلاق اتوار کی صبح 11 بجے سے ہو گا،وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی پریس کانفرنس
اسلام آباد (ویب نیوز)
حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں فی لٹر35، 35 روپے کے بڑے اضافے کا اعلان کر دیا۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت کی خبریں سامنے آئیں اور عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تقریبا 11 فیصد تک کا اضافہ ہوا، ہمیں ان سب چیزوں کو سامنے رکھنا پڑے گا۔ان کا کہنا تھا پیٹرول کی قیمت میں 50 روپے فی لٹر تک اضافے کی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں، پچھلے 4 ماہ میں ایک بار بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت کو نہیں بڑھایا گیا بلکہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں تقریبا 20 روپے تک کی کمی کی گئی جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 29 اور 30 روپے کی کمی کی گئی۔ان کا کہنا تھا اوگرا کی جانب سے تجویز پیش کی گئی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت کو ختم کرنے کے لیے قیمتوں میں اضافہ کیا جائے۔ان کا کہنا تھا وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ روپے کی قدر کے اعداد و شمار کو مد نظر رکھتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 35، 35 روپے فی لٹر جبکہ لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 18، 18 روپے فی لٹر اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا ا طلاق اتوار کی صبح 11 بجے سے ہو گا۔وفاقی وزیرِ خزانہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی کوئی قلت نہیں، مصنوعی قلت کی جا رہی ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ عالمی سطح پر پیٹرول کی قیمت میں اضافے اور اسٹیٹ بینک کے اقدامات کے باعث روپے کی قدر میں ہونے والی کمی کے باوجود وزیر اعظم کی ہدایت پر اوگرا کے ساتھ مشاورت کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کم از کم اضافے کا فیصلہ کیا گیا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافے کے بعد35 روپے اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 249 روپے 80 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 262 روپے 80 پیسے ہو گئی۔ 18 روپے کے اضافے کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 189 روپے 83 پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 187 روپے ہو گئی ہے۔