اسلام آباد ضلعی کچہری کی سکیورٹی صورتحال خطرناک
کچہری کے انٹری پوائنٹس پر نصب واک تھرو گیٹ خراب، سی سی ٹی وی کیمرے ٹھیک کام نہیں کر رہے، رینجر اہلکار واپس بلا لئے گئے
فول پروف سکیورٹی کیلئے چیف کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور آئی جی کو ہدایت کی جائے،سیشن جج کی رجسٹرارہائیکورٹ کو بھیجی گئی رپورٹ
اسلام آباد( ویب نیوز)
اسلام آباد ضلعی کچہری کی سکیورٹی صورتحال خطرناک ہے، اور بغیر بتائے رینجر اہلکار واپس بلا لئے گئے ۔سیشن جج کی رجسٹرار ہائی کورٹ کو بھیجی گئی رپورٹ میں خوفناک انکشاف کیا گیا ، جس میں اسلام آباد کی ضلع کچہری کی سکیورٹی صورتحال خطرناک قرار دیا گیا ۔سیشن جج کی رپورٹ کے مطابق عدالتوں، سائلین اور وکلا کو فول پروف سکیورٹی دینا انتظامیہ
کی ذمہ داری ہے، لیکن ڈپٹی کمشنر آفس سپیشل برانچ اہلکاروں کی تعیناتی کیلئے تیار نہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ چیف کمشنر سکیورٹی انتظامات کرنے میں ناکام رہے ہیں، اور انتظامات نہ کرنے سے کچہری میں سکیورٹی صورتحال خطرناک ہے، 2014 کے دہشت گرد حملے کے بعد ضلع کچہری میں رینجرز تعینات کی گئی تھی لیکن سیشن جج کو بغیر بتائے رینجر اہلکار واپس بلا لئے گئے ہیں۔سیشن جج نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا کہ کچہری کے انٹری پوائنٹس پر نصب واک تھرو گیٹ خراب ہیں، اور کچہری کی حدود میں نصب تقریباً تمام سی سی ٹی وی کیمرے ٹھیک کام نہیں کر رہے، سی سی ٹی وی روم میں پڑے ایل ای ڈیز اور یو پی ایس ایک لمبے عرصے سے خراب پڑے ہیں۔سیشن جج نے کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنر آفس سی سی ٹی وی کیمروں اور واک تھرو گیٹس کا ذمہ دار ہے، بار بار کی درخواست کے باوجود ڈپٹی کمشنر آفس سکیورٹی انتظامات اور کیمرے نصب کرنے میں ناکام رہا۔رپورٹ میں استدعا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سپیشل برانچ کے اہلکار کچہری کے انٹری پوائٹس پر تعینات تھے وہ بھی واپس لے لئے گئے ہیں، اور جب سپیشل برانچ کے اہلکاروں کی تعیناتی کے لئے تحریری طور پر درخواست کی گئی تو ان کا جواب نفی میں تھا، فول پروف سکیورٹی کیلئے چیف کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور آئی جی کو ہدایت کی جائے۔