صحافی ارشد شریف قتل از خود نوٹس کیس کی سماعت آج (پیرکو)سپریم کورٹ میں ہو گی
چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا پانچ رکنی لارجر بینچ سماعت کریگا
اسلام آباد( ویب نیوز)
سپریم کورٹ میں صحافی ارشد شریف قتل از خود نوٹس کیس کی سماعت آج (پیرکو) ہو گی ۔چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں قائم پانچ رکنی لارجر بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔ بینچ میں جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس مظاہر علی اکبر، جسٹس جمال خان مندو خیل اور جسٹس محمد علی مظہر بھی شامل ہیں۔ارشد شریف قتل کیس تحقیقات کے لئے قائم جے آئی ٹی اپنی رپورٹ عدالت کو پیش کرے گی۔ کینیا جانے سے پہلے ارشد شریف قتل کیس کی رپورٹ سپیشل جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ پیش کی تھی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل، 5جنوری کو از خود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی تھی۔ سپیشل جے آئی ٹی نے اب تک 41 لوگوں کے بیانات ریکارڈ کیے ہیں۔ تحقیقات کینیا، امارات اور پاکستان 3 حصوں پر مشتمل ہے۔گزشتہ سماعت کے دوران ارشد شریف کی بیوہ نے اسپیشل جے آئی ٹی کے 2 ارکان پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ جے آئی ٹی ارکان ملزمان کے ماتحت افسران ہیں۔