لاہور (ویب نیوز)
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ آئین کہتا ہے 90 دن میں الیکشن ہونے ہیں، یہ کہہ رہے ہیں نہیں ہوں گے، بہانے کر رہے ہیں انتخابات کیلئے پیسے نہیں۔سابق وزیر اعظم عمران خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بڑے وزیروں کی چوری کی وجہ سے ملک تباہ ہوتا ہے، پاکستان میں طاقتور چوری کرکے این آر او لے لیتا ہے، یہاں مافیا جو مرضی کر لے کوئی پوچھنے والا نہیں، مغربی ممالک میں کبھی ایسا نہیں ہوا، قانون کی حکمرانی کے بغیر جمہوریت نہیں آ سکتی۔سابق وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا کہ میں کوئی دینی سکالر نہیں، مجھے کرکٹ کی وجہ سے ساری دنیا دیکھنے کا موقع ملا ہے، ملک پاکستان اسلام کے نام پر بنا، مسلمان ملکوں سے لوگ کشتیوں میں یورپ جاتے ہیں، کیا وجہ ہے کہ یورپ ہمارے سے آگے جا رہا ہے، آزاد انسانوں کی پرواز اوپر ہوتی ہے غلاموں کی نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مدینہ کی ریاست میں انسانوں کو ذہنی طور پر آزاد کیا گیا، مدینہ کی ریاست اصولوں پر کھڑی کی گئی، انسان اور جانوروں کے معاشرے میں سب سے بڑا فرق ہوتا ہے انصاف، جب آپ معاشرے میں انصاف قائم کرتے ہیں تو لوگوں کو آزاد کرتے ہیں، کبھی بھی غلام انسانوں نے آج تک بڑے کام نہیں کئے، ابھی تک ہم ذہنی غلامی سے نہیں نکل سکے۔عمران خان نے کہا جو انگریزی بول لیتا ہے ہم اس کو معاشرے میں بڑا سٹیٹس دے دیتے ہیں، پاکستان میں تماشے ہو رہے ہیں، لوگوں کو پکڑ پکڑ کر جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے، پاکستان میں قبضہ گروپ پھر رہے ہیں، کبھی آپ نے سنا کہ یورپ میں کوئی قبضہ گروپ ہے؟، کبھی مغربی ممالک میں بڑے بڑے چوروں کو این آر او نہیں دیا گیا، سنگاپور نے کرپشن کے اوپر ہاتھ ڈالا۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ چھوٹی چوری سے ملک کبھی تباہ نہیں ہوتے، جب بڑے بڑے صاحب حیثیت چوری کرتے ہیں اس وقت ملک تباہ ہوتا ہے، جب آپ کے ملک میں رول آف لا نہ ہو ڈیموکریسی نہیں آتی، ہمارے ملک میں کہہ رہے ہیں الیکشن کروانے کے پیسے نہیں ہیں، ہم نے امریکا کو خوش کرنے کیلئے اپنے ہزاروں لوگ قربان کئے۔سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہماری کوشش تھی روس سے سستی گندم لیں، ہم نے روس سے سستے تیل کی بات کی، روس اور یوکرین کی لڑائی سے تیل کی قیمتیں اوپر چلی گئیں، میں نے اپنی ذات کیلئے نہیں لوگوں کیلئے فیصلہ کیا تھا، آج ملک میں ڈالر ریزرو میں تاریخی کمی ہے، جب تک آپ معاشرے میں عدل و انصاف نہیں رائج کرتے اللہ کی برکت نہیں آتی۔انہوں نے کہا ہم ہیلتھ کارڈ لے کر آئے، دنیا نے ہمارے صحت کارڈ کی تعریف کی، افسوس کی بات ہے کہ حکومت نے صحت کارڈ روک دیا ہے، جو ملک غریب کی قدر نہیں کرتے ان کے اوپر اللہ کی برکت نہیں آتی، پہلے آپ ریاست میں عدل و انصاف قائم کرتے ہیں پھر خوشحالی آتی ہے، ہم انتظار ہی کرتے رہتے ہیں کہ جب پیسے آئیں گے تو فلاحی ریاست بنے گی۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا کہ جب تک طاقتور طبقے قانون کے نیچے نہیں آتے، کسی بھی ملک کا کوئی مستقبل نہیں، اب یہ تماشہ دیکھ لیں پاکستان میں، آئین کہتا ہے 90 روز میں الیکشن ہونے ہیں، وہ سارے مل کر کہہ رہے ہیں 90 روز میں الیکشن نہیں ہو سکتے، بہانے کر رہے ہیں کہ الیکشن کروانے کے پیسے نہیں ہیں۔