اسلام آباد (ویب نیوز)
الیکشن کمیشن نے پنجاب میں عام انتخابات کا شیڈول جاری کردیا ہے، جس کے مطابق صوبے میں انتخابات 30 اپریل کو ہوں گے۔واضح رہے کہ 3 مارچ کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات 30 اپریل بروز اتوار کرانے کی تجویز دی تھی۔الیکشن کمیشن پاکستان کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق امیدوار 12 مارچ سے 14 مارچ تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکتے ہیں، الیکشن ک میشن امیدواروں کے ناموں کی فہرست 15 مارچ کو آویزاں کرے گا، کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی 22 مارچ تک کی جائے گی۔الیکشن کمیشن پاکستان کے مطابق اسکروٹنی پر ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپلیں 27 مارچ تک دائر کی جا سکیں گی، اپیلیٹ ٹریبونل اپیلوں پر فیصلے 3 اپریل تک کرے گا، امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 4 اپریل کو جاری کی جائے گی۔الیکشن کمیشن پاکستان کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق نامزدگی سے دستبرداری کی آخری تاریخ 5 اپریل مقرر، انتخابی نشان 6 اپریل کو جاری ہوں گے اور جاری پنجاب اسمبلی کے الیکشن کے لیے پولنگ 30 اپریل کو ہو گی۔قبل ازیں 3 مارچ کو ہی الیکشن کمیشن نے 30 اپریل سے 7 مئی کے دوران پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات کرانے کے لیے تاریخ تجویز کی تھی، الیکشن کمیشن نے انتخابات ترجیحا اتوار کے روز کرانے کی تجویز بھی دی تھی۔