اسلام آباد (ویب نیوز)
پاکستان کے سب سے بڑے مقامی OTT سٹریمنگ پلیٹ فارم، تماشا نے بگ بینگ انٹرٹینمنٹ کے تعاون سے’فیملی بزنس‘ کے عنوان سے اپنی پہلی ویب سیریز لانچ کردی ہے۔ تقریبِ رونمائی حال ہی میں جاز ڈیجیٹل ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوئی جس میں ویون گروپ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کان ترزی اوگلو، جاز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عامر ابراہیم، جاز کے چیف ڈیجیٹل آفیسرعامر اعجاز اور ویب سیریز کے پروڈیوسر، معروف اداکار فہد مصطفی نے شرکت کی۔
یہ سیریز ایک متوسط طبقہ کے خاندان کی مشکلات اور حالات زندگی کی عکاسی کرتی ہے جبکہ مستقبل کے منظرنامے میں بچوں اور ان کے ریٹائرڈ والد
کے مابین تعلقات کا بھی احاطہ کرتی ہے۔ تماشا نے اپنی اقدار پر قائم رہتے ہوئے ایک مزاحیہ انداز میں اپنے سامعین کو انٹرپرینیورشپ اور ڈیجیٹل شمولیت کے بارے میں آگاہ کرنے کی کوشش کی ہے کیونکہ اس میں کرداروں کو اپنے ریٹائرڈ والدین کی مدد کرنے اور سماجی و اقتصادی مسائل سے نمٹنے کے لیے آن لائن کاروبار قائم کرنے کی کوشش کرتے ہوئے دکھایا گیاہے۔
فیملی بزنس میں ملک کے نامور فنکار عاصم اظہر تماشا کے ذریعے OTT پلیٹ فارم پر اپنے اداکاری کیرئیر کا آغاز کریں گے، جبکہ دیگر اداکاروں میں ماہ نور حیدر، سیف حسن، سلمیٰ حسن، بشریٰ حبیب اور حسین محسن شامل ہیں۔ تاہم، جو چیز اس شو کو حقیقی معنوں میں منفرد بناتی ہے وہ لوگوں کے مابین سماجی و اقتصادی فاصلہ اورطبقاتی تفریق جیسے سنجیدہ موضوعات پر اس کا مزاحیہ انداز ہے اور یہی وہ اسلوب ہے جسے ہر عمر کے ناظرین پسند کرتے ہیں۔
جاز کے چیف ڈیجیٹل آفیسر عامر اعجاز نے کہا کہ، ”عالمی اسٹریمنگ پلیٹ فارمز کی توجہ زیادہ تر مارکیٹ کے بڑے حصوں پر مرکوز ہوتی ہے جس کی وجہ سے وہ پاکستان کی کثیر النسل اور کثیر لسانی آبادی کو نظرانداز کر دیتے ہیں۔ تماشا کا مقصد مقامی ثقافتی موادکو لوگوں کی گنجائش کے مطابق فروغ دے کر ڈیجیٹل شمولیت کو بڑھانا ہے، جیسا کہ’فیملی بزنس‘ میں دکھایا گیا ہے۔ ہمارا مقصد اپنے مقامی سامعین کو تفریح کے لامتناہی مواقع فراہم کرنا ہے اور تماشا کا پیش کردہ یہ شو اس دلچسپ سفر کا نقظہ آغاز ہے۔
بگ بینگ انٹرٹینمنٹ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر فہد مصطفی نے ویب سیریز کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہاکہ،”تخلیق کار اور ناظرین کے طورپرہم یہ عمومی تاثر رکھتے ہیں کہ ایک شو صرف اسی صورت میں دلکش ہوسکتاہے جب وہ ہمارے معاشرے کے منفی پہلوؤں کو پیش کرے، اس دقیانوسی تصورکو رد کرنے کے لیے فیملی بزنس نے یہ قدم اٹھایاہے۔“
مختصر یہ کہ فیملی بزنس حقیقت پر مبنی سیریز ہے جو پاکستانی معاشرے میں شامل مسائل کو زیر بحث لارہاہے۔ تاہم، ان مسائل پر بات کرنے کے لیے عام طورپر پائی جانے والی مایوسی کے برعکس، تماشا کا خیال ہے کہ ہلکے پھلکے اور معلوماتی انداز میں ایسا کرنا زیادہ اثر انگیز ہوتاہے۔ یہ سیریز اب تماشا ایپ پر اسٹریمنگ کے لیے دستیاب ہے جسے گوگل پلے، ایپل ایپ اسٹور یا اس کی ویب سائٹ کے ذریعے دیکھا جاسکتا ہے۔