مقبوضہ بیت المقدس (ویب نیوز)
قابض اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں ایک فلسطینی نوجوان شہید ہوگیا۔ قابض فوج کی بڑی تعداد نے مسجد اقصیٰ کے اطراف کو گھیرے میں لے لیا۔ اس دوران باب السلسلہ کے قریب اسرائیلی فوج نے فائرنگ کرکے ایک نوجوان کو شہید کردیا۔فلسطینی وزارت صحت کے مطابق شہید ہونے والے نوجوان کی شناخت 26 سالہ محمد خالد العصیبی کے نام سے کی گئی ۔ شہید ہونے والے نوجوان کا تعلق مقبوضہ جزیرہ نما النقب کے گائوں حورہ سے تھا۔فلسطینی نوجوان کو شہید کرنے کے بعد اسرائیلی پولیس نے دعویٰ کیا کہ نوجوان کو اس وقت گولی ماری گئی جب اس نے ایک اسرائیلی فوجی پر حملہ کیا تھا۔اسرائیلی فوج نے کہا کہ فلسطینی نوجوان اور ایک اسرائیلی فوجی کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی۔ اس دوران فلسطینی نوجوان نے قابض فوجی اہلکار پرحملے کی کوشش کی جس کے جواب میں اسے گولی مار کرد قتل کردیا گیا ۔