چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن ایکٹ میں ترامیم تجویز کر دیں
چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے الیکشن ایکٹ میں ترامیم سے متعلق چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھا گیا
مجوزہ ترمیم کے مطابق الیکشن کمیشن نئی پولنگ تاریخ کے ساتھ نیا الیکشن پروگرام بھی جاری کر سکے گا: چیف الیکشن کمشنر
اسلام آباد(ویب نیوز)
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے الیکشن کی تاریخوں کے اعلان کے معاملے پر الیکشن ایکٹ میں ترامیم تجویز کر دیں۔چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے الیکشن ایکٹ میں ترامیم سے متعلق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو خط لکھا گیا ہے۔خط میں چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن ایکٹ کی سیکشن 57 ون اور 58 میں ترامیم تجویز کی ہیں اور کہا گیا ہے کہ ترامیم پارلیمنٹ کے سامنے منظوری کے لیے پیش کی جائیں۔سکندر سلطان راجہ نے 57 ون میں ترمیم تجویز کی ہے کہ الیکشن کمیشن عام انتخابات کی تاریخ یا تاریخوں کا اعلان کریگا، ترمیم کے تحت الیکشن کمیشن حلقوں سے نمائندے منتخب کرنے کا کہے گا، تجویز کیا ہے کہ الیکشن کمیشن انتخابات نوٹیفیکشن کے بعد الیکشن پروگرام میں تبدیلی کر سکے گا، مجوزہ ترمیم کے مطابق الیکشن کمیشن نئی پولنگ تاریخ کے ساتھ نیا الیکشن پروگرام بھی جاری کر سکے گا۔خط میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے انتخابات کے انعقاد پر تنازع پیدا ہوا، عدلیہ نے آرٹیکل224/2 کی تشریح میں کہا کہ 90 دنوں میں الیکشن آئینی طور پر ضروری ہے۔۔