سری نگر (ویب نیوز)
مقبوضہ کشمیر کے دارلحکومت سری نگر کی تاریخی جامع مسجد میں جمعتہ الوداع کی نماز نہیں ہو سکی ۔ مقبوضہ کشمیر کی بھارتی انتظامیہ نے سری نگر کی تاریخی جامع مسجد میں جمعتہ الوداع کی نماز ادا کرنے پر پابندی لگا دی اور مسجد کو بند کر دیا ۔جمعہ کے روز جامع مسجد کے انتظامی ادارے نے کہا کہ حکام نے تاریخی مسجد میں جمع الوداع کی نماز کی اجازت نہیں دی ہے۔انجمن اوقاف جامع مسجد نے کہا کہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور پولیس حکام نے صبح 9.30 بجے جامع مسجد کا دورہ کیا اور انتظامیہ سے کہا کہ وہ مسجد کے دروازوں کو تالا لگا دیں کیونکہ انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ مسجد میں جمعتہ الوداع کی نماز کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ایک بیان میںانجمن اوقاف جامع مسجد نے حکام کے اس اقدام کی شدید مذمت کی ہے جس سے لاکھوں مسلمانوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ کشمیری مسلمان وادی کے تمام حصوں سے روایتی طور پر رمضان کے آخری اور بابرکت جمعہ کو جامع مسجد میں نماز ادا کرنے کے لیے آتے ہیں مگر اس دفعہ حکام نے تاریخی جامع مسجد میں جمعتہ الوداع کی نماز ادا کرنے پر پابندی لگا دی ۔