ملک میں خوف و دہشت کے راج کی ڈوریاں اس قوت کے ہاتھ میں ہیں جو خود کو قانون سے مکمل طور پر بالاتر سمجھتے ہیں۔عمران خان
ملک پوری طرح فسطائیت کے نرغے میں ہے،چیرمین پی ٹی آئی کا ٹویٹ
لاہور(ویب نیوز)
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اورسابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جس انداز میں ہم نے ایک بنانا ریپبلک کا روپ دھارا ہے جہاں قانون کی حکمرانی کی بجائے محض جنگل کا قانون ہی رائج ہوتا ہے، اسے دیکھ کر اب یہ واضح ہوچکاہے کہ ملک میں خوف و دہشت کے راج کی ڈوریاںپی ڈی ایم نامی کٹھ پتلیوں کے ہاتھ میں نہیں بلکہ اس قوت کے ہاتھ میں ہیں جو خود کو قانون سے مکمل طور پر بالاتر سمجھتے ہیں۔ان خیالات کااظہار عمران خان نے بدھ کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے لوگوں کو اغوا کیا جاتا ہے اور اس کے بعد شرمناک ایف آئی آرز درج کی جاتی ہیں۔ ایک مقدمہ میں ضمانت ہوتی ہے تودوسرامقدمہ درج کر لیا جاتا ہے، میرے خلاف 145سے زائد ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں،یہ ایف آئی آرز کی سرکس ہے۔میرے بنی گالا گھرکے کیئرٹیکر، میرے زمان پارک کے باورچی،سوشل میڈیاکے ہمارے ذمہ داراظہرمشوانی،وقاص اورمیرے سیکورٹی انچارج افتخارگھمن وغیرہ سب کو اغوا کیا گیا اور سافٹ ویئر آپ ڈیٹ کی کوششوں کے تحت انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ علی امین کو ایک جعلی مقدمے میں ضمانت ملی تو ایک اور پرچہ نکل آیااور اب تو ایک اور مقدمہ بھی سامنے آچکا ہے جس کے تحت پولیس اسے لاہور منتقل کررہی ہے۔ راستے میں ناسازی طبع کے باعث اسپتال منتقلی کے باوجود طبعیت میں بہتری و استحکام سے پہلے ہی اسے اسپتال سے بھی لے جایا گیا ہے۔ ملک پوری طرح فسطائیت کے نرغے میں ہے۔ ZS