اسد قیصر نے حکومتی نمائندوں کے رابطے سے متعلق پیش رفت سے پارٹی سیکرٹری جنرل اسد عمر کو آگاہ کردیا
رابطہ اچھی بات ہے، حکومتی نمائندے سپریم کورٹ میں دورانِ سماعت اِس پیش رفت سے آگاہ کردیں،اسد عمر
اسلام آباد (ویب نیوز)
سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات کے معاملے پر حکومت کے نامزد کردہ نمائندوں نے تحریک انصاف سے باضابطہ مذاکرات کے لیے رابطہ کیا ہے۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی سے بات چیت کے لیے حکومت کی جانب سے نامزد کردہ نمائندے سردار ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق و دیگر رہنماؤں نے سابق اسپیکر اسد قیصر سے رابطہ کیا اور کہا کہ ہم آپ سے باضابطہ بات چیت کے لیے رابطہ کررہے ہیں۔اسد قیصر نے حکومتی نمائندوں کے رابطے سے متعلق پیش رفت سے پارٹی سیکرٹری جنرل اسد عمر کو آگاہ کردیا۔ اسد عمر نے اس سلسلے میں کہا کہ رابطہ اچھی بات ہے، حکومتی نمائندے سپریم کورٹ میں دورانِ سماعت اِس پیش رفت سے آگاہ کردیں۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی اور حکومتی نمائندوں کی ملاقات کب ہوگی، اس سلسلے میں تاحال حتمی طور پر کچھ طے نہیں ہوسکا ۔ حکومتی اتحاد نے ابھی تک پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات کے لیے دن اور وقت طے نہیں کیا۔