- مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں امن کا قیام ناممکن ہے ،بھارت مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی کررہا ہے
- اس وقت دنیا کو موسمیاتی تبدیلیوں سمیت بہت سارے چیلنجز کا سامنا ہے
- پاکستان کو معاشی چلینجز کا سامنا ہے، تمام ملکوں سے دو طرفہ مفادات کی بنیاد پر مثبت تعلقات چاہتے ہیں
- وزیراعظم کارسالپور میں پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں پاک فضائیہ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب
اسلام آباد (ویب نیوز)
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو معاشی چلینجز کا سامنا ہے،جلد ملک کے معاشی حالات بہتر ہوں گے، تمام ملکوں سے دو طرفہ مفادات کی بنیاد پر مثبت تعلقات چاہتے ہیں لیکن مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں امن کا قیام ناممکن ہے،قیامِ امن کی ہماری خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے،پاکستان مخالف عناصر کو بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے رسالپور میں پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میںپاک فضائیہ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔پاک فضائیہ کے طیاروں زرار اور میراج طیاروں نے فلائی پاسٹ کیا، پاک فضائیہ کے شاہینوں نے شاندار مظاہرہ پیش کرکے آسمان پر رنگ بکھیر دئیے۔ وزیراعظم نے گارڈز آف آنرز کا معائنہ کیا اور پاس آٹ ہونے والے کیڈٹس کو فلائنگ بیجز لگائے اور ایوارڈز دیے جبکہ شہباز شریف کو کیڈٹس نے سلامی پیش کی۔ سالانہ تقریب میں سربراہ پاک فضائیہ ائرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سمیت عسکری قیادت شریک تھی۔ وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب اور وزیردفاع خواجہ آصف سمیت دیگر سیاسی قیادت نے بھی پریڈ میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاس آؤٹ ہونے والے تمام کیڈٹس کو مبارکباد دیتا ہوں، کیڈٹس کے والدین کو دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاک فضائیہ نے کسی بھی چیلنج میں ملک کا نام روشن کیا، پاک فضائیہ بہترین پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی وجہ سے دنیا بھرمیں نمایاں ہے، یقین ہے کہ مسلح افواج ہمیشہ قوم کی امنگوں کے مطابق صلاحیتوں کامظاہرہ کرتی رہے گی۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس وقت دنیا کو موسمیاتی تبدیلیوں سمیت بہت سارے چیلنجز کا سامنا ہے اور پاکستان کو معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، یقین دلاتا ہوں معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے ہرکوشش کی جائے گی اور جلد ملک کے معاشی حالات بہتر ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام ملکوں سے دو طرفہ مفادات کی بنیاد پر مثبت تعلقات چاہتے ہیں، مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں امن کا قیام ناممکن ہے، بھارت مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی کررہا ہے، بھارت نے اگست 2019 سے کشمیرکو جیل میں تبدیل کررکھا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خطے میں امن کے لیے ہمسائیہ ملکوں کے ساتھ مل کرکوشش جاری رکھیں گے جبکہ قیام امن کی ہماری خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق اکیڈمی سے 147 ویں جنرل ڈیوٹی پائلٹ، 93 ویں انجینئرنگ کورس کے کیڈٹس فارغ التحصیل ہوئے ہیں۔103ویں ایئر ڈیفنس، 24 ویں ایڈمن اینڈ اسپیشل ڈیوٹی کورسز کے شرکا بھی پاس آوٹ ہوئے ہیں۔ساتویں لاجسٹک اور 129 ویں کامبیٹ سپورٹ کورسز کے کیڈٹس بھی فارغ التحصیل ہوئے ہیں۔تقریب میں فخرِ پاکستان جے ایف 17 تھنڈر کے ہمراہ جے 10 لڑاکا طیارے فلائی پاسٹ کامظاہرہ کیا، جبکہ قراقرم 8 طیاروں پر مشتمل پاک فضائیہ کی شیردل ٹیم نے فضائی کرتب پیش کیے۔