اسلام آباد (ویب نیوز)
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے شکایت کے ازالہ میں ناکامی پر ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوشن(ای او بی آئی) برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریٹائرڈ خاتون ٹیچر کو30 دن میں پنشن جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔ہفتہ کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ہدایت کی ہے کہ ای او بی آئی 30 دن میں ریٹائرڈ خاتون ٹیچر کو پنشن جاری کرے۔ ای او بی آئی نے ریٹائرڈ ٹیچر کو فروری 2019 سے اس وجہ سے پنشن سے محروم رکھا ہوا تھاکہ شکایت کنندہ کے بیٹ آفیسر نے اس کی تین سال کی ملازمت کی تصدیق کی تھی ۔صدر مملکت نے خاتون شکایت کنندہ کی شکایت کے ازالے میں ای او بی آئی کی ناکامی پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ ای او بی آئی نے غیر ضروری طور پر وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر کے قیمتی وقت ضائع کیا۔ وفاقی محتسب نے کیس کو 45 دن کے اندر حل کرنے کے لئے ای او بی آئی کو بھیج دیا تھا۔ صدر مملکت نے سیکرٹری وزارت سمندر پار پاکستانیز اور ترقی انسانی وسائل کو فوری طور پر ادارے کے خدمات کی فراہمی بڑھانے کے لیے موثر اقدامات کی ہدایت کی۔ تفصیلات کے مطابق زہرہ بی بی شکایت کنندہ آکسفورڈ پبلک سکول، حیات آبادپشاور میں یکم جولائی 1996سے فروری 2019 تک تقریبا 23 سال سے کام کر رہی تھیں ، ٹیچر کی تنخواہ سے رقم باقاعدگی سے کاٹی جاتی تھی ۔ متعلقہ سکول ادارے کے ساتھ رجسٹرڈ تھاریٹائرمنٹ کے بعد خاتون نے پنشن کی گرانٹ کے لئے درخواست دی تاہم کوئی فائدہ نہیں ہوا۔خاتون نے وفاقی محتسب سے رابطہ کیا جس نے اس کے حق میں حکم جاری کیا ۔ای او بی آئی نے محتسب کے فیصلے کے خلاف صدر کے پاس اپیل دائر کی جسے مسترد کر دیا گیا ۔ صدر مملکت نے کہا کہ 29نومبر 2006 کو ادارے کی طرف سے جاری کردہ پنشن سکیم کا رجسٹریشن کارڈ اصلی ہے۔کارڈ پر لکھا ہے کہ یہ 7مئی 1996 سے فعال ہے ۔ کارڈ کے مطابق شکایت کنندہ 1996 سے پنشن کی اہل ہے، صدر مملکت نے کہا کہ ای او بی آئی نے اعتراف کیا کہ متعلقہ سکول اس کے ساتھ رجسٹرڈ ہے۔ادارہ سکول کے مکمل ریکارڈ کو کمپیوٹرائز کرنے اور سکول سے اپنا حصہ وصول کرنے میں بھی ناکام رہا۔ ریٹائرڈ ٹیچر کو فروری 2019 سے اس کی واجب الادا پنشن سے محروم رکھا گیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پنشن کوئی انعام نہیں بلکہ ایک ملازم اسے اپنی طویل، مسلسل اور دیانت دارانہ خدمات کی بدولت حاصل کرتا ہے۔ محنت سے کمائے گئے حق سے کسی پنشنر کو خلاف قانون محروم نہیں رکھا جا سکتا۔وفاقی محتسب کی طرف سے 45 دنوں میں کیس نمٹانے کی واضح ہدایت کے بعد بھی ادارہ معاملہ حل کرنے میں ناکام رہا ۔صدر مملکت نے کہا کہ ای او بی آئی نے مسئلہ حل کرنے پر توجہ دینے کے بجائے صدر مملکت کو اپیل دائر کر کے اپنا قیمتی وقت ضائع کیا۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ادارہ 30 دن کے اندر ریٹائرڈ ٹیچر کو پنشن جاری کرے، محتسب کو اس سلسلے میں رپورٹ جمع کرائے ۔