پی ٹی آئی کاحکومت سے مذاکرات جاری رکھنے کا فیصلہ…منگل کو حتمی ایجنڈا پر بات ہوں گی۔ فواد چوہدری کا ٹوئٹ
حکومتی مزاکراتی ٹیم کے سربراہ اسحاق ڈار کا شاہ محمود قریشی سے رابطہ.
پرویزالہی کے گھرحملے سے وفاقی حکومت کا کوئی تعلق نہیں۔ وفاقی وزیرخزانہ کی وضاحت
اسلام آباد (ویب نیوز)پی ٹی آئی نے حکومت سے مذاکرات کا عمل جاری رکھنے کا فیصلہ کرلیا، منگل کو حتمی ایجنڈا پر بات ہو گی۔ یہ فیصلہ پارٹی کے مشاورتی اجلاس میں کیا گیا ہے جو پارٹی سربراہ عمران خان کی صدارت میں ہوا۔پارٹی رہنما فواد چوہدری نے ٹوئٹ کیا ہے کہ مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو مسترد کرتے ہیں۔ تحریک انصاف نے فیصلہ کیا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کو مذنظر رکھا جائے گا۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے آئین کے دائرے میں انتخابات کے فریم ورک پر حکومت سے مذاکرات جاری رہیں گے، فواد چوہدری کے مطابق منگل کو حتمی ایجنڈا پر بات ہو گی
اسحاق ڈار کا شاہ محمود قریشی سے رابطہ.
حکومتی مزاکراتی ٹیم کے سربراہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے تحریک انصاف کی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے اہم رابطہ کیا ہے ۔ اسحاق ڈار نے صدر تحریک انصاف چوہدری پرویز الہی کے گھر پر حملے اور چادر چار دیواری کی پامالی پر افسوس کا اظہارکیا ہے ۔پی ٹی آئی سے جاری بیان کے مطابق مخدوم شاہ محمود قریشی نے اسحاق ڈار کو چوہدری پرویز الہی کے خاندان کے جذبات سے آگاہ کیا۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو چوہدری پرویز الہی کے گھر پر غیرقانونی حملے پر تحریک انصاف کے جذبات سے بھی آگاہ کیا۔ وفاقی وزیرخزانہ نے واضح کیا کہ چوہدری پرویزالہی کے گھر پر حملے سے وفاقی حکومت کا کوئی تعلق نہیں، اسحق ڈار نے کہا کہ یہ کاروائی نگران پنجاب حکومت کی جانب سے کی گئی ہے، تحریک انصاف کے جذبات سے اپنی قیادت کو آگاہ کریں گے، اسحق ڈار نے کہا کہ وہ اس سلسلے میں جلد تحریک انصاف سے دوبارہ رابطہ کریں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے کہاہے کہ پی ٹی آئی رہنمائوں کی گرفتاریاں مذاکراتی عمل کو بے معنی کررہی ہیں ۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپربیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ پرویز الٰہی کے گھر پر حملہ ، علی امین گنڈا پور کو ضمانت کے باوجود جبس بے جا میں رکھنا اور ورکرز کی گرفتاریاں مذاکراتی عمل کو بے معنی بنا رہی ہیں۔انہوںنے کہا کہ اگر حکومتی مذاکراتی ٹیم یقین دہانی کے بعد ماحول بہتر رکھنے میں کوئی کردار ادا نہیں کر سکتی تو وہ بڑے فیصلے کیسے کرے گی؟ عمران خان کی صدارت میں اجلاس میں مذاکرات جاری رکھنے یا نہ رکھنے کا فیصلہ کریں گے۔