- کوئٹہ، بزرگ شہری نے پہاڑ کاٹ کر 3 کلو میٹر سے زائدجاگنگ ٹریک بنا ڈالا
- واک کے لیے آنے والے لوگوں کی مشکلات دیکھ کر کام شروع کیا،علی یاور
- ساڑھے 3 سال کے دوران کئی بار کام کے دوران ہاتھوں سے خون نکلا، چھالے بھی پڑے لیکن ہمت نہیں ہاری
- لوگ واک کے لیے آتے تھے لیکن راستہ نہیں تھا، لوگوں کو دیکھ کر بہت تکلیف ہوتی تھی،پھر میں نے سوچا راستہ بناؤں لوگ دعائیں دیں گے، گفتگو
کوئٹہ (ویب نیوز)
کوئٹہ کے باہمت بزرگ شہری نے ناممکن کو ممکن بنا دیا۔ کوئٹہ کے علاقے مری آباد کے بزرگ شہری علی یاور نے ساڑھے 3 سال کی کڑی محنت سے پہاڑ کاٹ کر 3 کلو میٹر سے زائد کا جاگنگ ٹریک بنا ڈالا۔ باہمت بزرگ شہری علی یاور کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ واک کے لیے آنے والے لوگوں کی مشکلات دیکھ کر کام شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ ساڑھے 3 سال کے دوران کئی بار کام کے دوران ہاتھوں سے خون نکلا، چھالے بھی پڑے لیکن ہمت نہیں ہاری اور کام جاری رکھا۔ علی یاور کا کہنا ہے کہ لوگ ادھر واک کے لیے آتے تھے لیکن راستہ نہیں تھا، میں لوگوں کو دیکھتا تھا تو بہت تکلیف ہوتی تھی، پھر میں نے سوچا کہ راستہ بناؤں لوگ دعائیں دیں گے۔ بزرگ شہری نے کہا کہ پہلے نیچے کا راستہ بنایا، اس کی تکمیل کے بعد پہاڑوں کے دامن میں کام شروع کیا اور وہاں بھی 3 کلو میٹر یا اس سے تھوڑا زیادہ راستہ بنا لیا۔