اسلام آباد (ویب نیوز)
محکمہ داخلہ پنجاب کی درخواست پر وفاقی وزارت داخلہ نے آئین کے آرٹیکل 245اورانسداد دہشت گردی ایکٹ 1997کے سیکشن 4کے تحت پنجاب میں پاک فوج کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب صوبہ پنجاب میں پاک فوج کی تعیناتی کی درخواست گزشتہ روز کی گئی تھی۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پاک آرمی پنجاب بھر میں امن وامان کے قیام میںسول نتظامیہ کی معاونت کرے گی۔ کتنی نفری درکار ہو گی اور کتنے دنوں کے لئے تعیناتی کی جائے گی اور کن علاقوں میںتعینات ہو گی اس حوالہ سے صوبائی حکومت ، ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ ،جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کے ساتھ مل کرمشاورت کے ساتھ معاملات طے کریں گے۔ پاک فوج کو واپس بلانے کے حوالہ سے بھی دونوں شراکت دار مشاورت کے ساتھ فیصلہ کریں گے۔ نوٹیفکیشن کی کاپی تمام متعلقہ حکام کو بھجوادی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن سیکشن آفیسر (سی اے ایف)شوکت علی خان کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔